فارمولا ون چیمپیئن لیوس ہیملٹن کا مصر میں غزہ کے لیے امدادی مراکز کا دورہ
فارمولا ون چیمپیئن لیوس ہیملٹن کا مصر میں غزہ کے لیے امدادی مراکز کا دورہ
جمعرات 12 نومبر 2026 6:15
برطانوی ڈرائیور لیوس ہیملٹن نے مصر میں غزہ کے ساتھ واقع رفح سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا.(فوٹو:اے پی)
سات مرتبہ فارمولا ون کے عالمی چیمپیئن رہنے والے برطانوی ڈرائیور لیوس ہیملٹن منگل کو مصر کے شہر رفح پہنچے، جہاں انہوں نے جنگ سے تباہ حال غزہ میں انسانی امداد بھیجنے والی تنظیموں کے مراکز کا دورہ کیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق لیوس ہیملٹن ماضی میں بھی خطے میں انسانی بحرانوں اور تنازعات پر آواز اٹھاتے اور امن کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے بچوں کے بارے میں متعدد پوسٹس کیں اور جنگ بندی پر زور دیا۔
ہیملٹن دنیا کے دیگر خطوں میں جاری تنازعات پر بھی اظہار خیال کر چکے ہیں۔
ہیملٹن نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ’میرے خیال میں ہمیں کانگو، سوڈان، شام اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ کسی مرحلے پر دنیا میں امن قائم ہوگا۔‘
گزشتہ سال طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی ہے، تاہم علاقے میں داخل ہونے والی امداد اب بھی معاہدے میں طے شدہ روزانہ 600 ٹرکوں کی کم از کم تعداد سے بہت کم ہے۔
اقوام متحدہ کے ایک آزاد کمیشن کے ماہرین نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے اور علاقے کے 53 فیصد حصے پر کنٹرول بڑھا کر کم از کم 60 فیصد تک کر لیا ہے۔
کمیشن کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے بھی جاری ہیں، جبکہ فوج کی پیش قدمی کے محاذ پر اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 196 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 18 خواتین، 32 لڑکے اور 11 لڑکیاں شامل ہیں۔
ہیملٹن نے رفح سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا، جہاں وہ مصری ہلال احمر کے زیر انتظام امدادی سامان کے گوداموں میں گئے۔(فوٹو:اے پی)
ہیملٹن نے مصر میں غزہ کے ساتھ واقع رفح سرحدی گزرگاہ کا دورہ کیا، جس کے بعد وہ مصری ہلال احمر کے زیر انتظام امدادی سامان کے گوداموں میں گئے۔ مصری ہلال احمر غزہ میں امداد پہنچانے کے عمل میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
رفح گزرگاہ پر ہیملٹن نے امدادی کارکنوں کو عربی زبان میں ’السلام علیکم‘ کہہ کر سلام کیا، ان سے ہاتھ ملایا اور کارکنوں و حکام کے ساتھ مختصر گفتگو بھی کی۔
شمالی سینا کے گورنر خالد مجاور نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ہیملٹن کو غزہ کے لیے امداد بھیجنے کی مصر کی کوششوں سے آگاہ کرنا ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہیملٹن نے اتوار کو برازیلین گراں پری کے دوران انٹرلاگوس سرکٹ پر اپنے کیریئر کی 400ویں ریس میں حصہ لیا تھا۔
فارمولا ون میں حصہ لینے والے پہلے سیاہ فام ڈرائیور لیوس ہیملٹن نے 2007 میں میک لارن کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
وہ فارمولا ون کی تاریخ میں 400 ریسوں میں حصہ لینے والے دوسرے ڈرائیور ہیں۔ ان سے پہلے ان کے سابق ساتھی ڈرائیور فرنینڈو الونسو نے 2024 میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔