Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تنقید کا جواب کارکردگی سے‘، ٹیسٹ ڈیبیو پر سات وکٹیں لینے والے ثاقب ’پٹھان‘ کی کہانی

پاکستانی کرکٹ میں ’آئے اور چھا گئے‘ کی فہرست میں ایک اور نام فاسٹ بولر ثاقب خان کا شامل ہو گیا ہے.(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ میں ’آئے اور چھا گئے‘ کی فہرست میں ایک اور نام فاسٹ بولر ثاقب خان کا شامل ہو گیا ہے، جنہوں نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔
چوتھے روز ان کی شاندار بولنگ کے باعث سری لنکا کی پوری ٹیم 446 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں صرف 12 رنز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔ 
ثاقب نے 130 رنز دے کر مہمان ٹیم کے سات کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پلیئر پروفائل کے مطابق ثاقب خان 9 ستمبر 1995 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں جبکہ ان کا بولنگ سٹائل رائٹ آرم میڈیم فاسٹ ہے۔
تاہم ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ثاقب نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق مینگورہ، سوات سے ہے اور وہ کرکٹ کے آغاز سے ہی کراچی میں مقیم ہیں۔
اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں انہوں نے کراچی ریجن بلوز، کراچی ریجن وائٹس، اینگرو ڈولفنز، عمر ایسوسی ایٹس، خان ریسرچ لیبارٹریز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی۔ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔
ثاقب خان کے کرکٹ کے سفر کا آغاز ٹیپ بال کرکٹ سے ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ ٹیبل ٹینس بھی کھیلا کرتے تھے اور کبھی کبھار ہارڈ بال کرکٹ بھی کھیلتے تھے، تاہم ان کے والد نے انہیں کرکٹ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔
بعد میں کچھ لوگوں نے ان کی فاسٹ بولنگ کی صلاحیت دیکھ کر انہیں ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دی۔ اس کے بعد انہوں نے سر لیاقت کی زیرنگرانی فیوچر سٹارز کرکٹ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی، جہاں سے ان کی باقاعدہ کرکٹ کا سفر آگے بڑھا۔
ثاقب کے مطابق کراچی میں کرکٹ کے میدان میں جگہ بنانا آسان نہیں تھا۔ انہیں سہیل خان، تابش خان اور میر حمزہ جیسے فاسٹ بولرز کے ساتھ مقابلے کا سامنا رہا اور اپنی جگہ بنانے کے لیے طویل عرصے تک محنت کرنا پڑی۔
ایکسپریس ٹریبیون کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر میں والد اور بڑے بھائی بلال نعیم کی حمایت کو اہم قرار دیا۔ 
ان کے مطابق جب انہیں پاکستان ٹیم میں شمولیت کی خبر ملی تو ان کے والد اور والدہ دونوں جذباتی ہو گئے تھے۔

قومی ٹیم میں جگہ بنانے سے پہلے ثاقب خان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کی۔(فوٹو:اے ایف پی)

 قائداعظم ٹرافی میں 47 وکٹیں

قومی ٹیم میں جگہ بنانے سے پہلے ثاقب خان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کی۔ 
قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں کراچی ریجن بلوز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے نو میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کیں۔
پی سی بی کے اعدادوشمار کے مطابق ان کی بولنگ اوسط 20.60 اور اکانومی ریٹ 3.58 رہا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں تین مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کی بہترین کارکردگی 34 رنز دے کر سات وکٹیں لینا تھی۔
کراچی بلوز نے ان کی عمدہ بولنگ کی بدولت قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔ فائنل میں ثاقب نے سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد نو رہی۔

قومی ٹیم میں شمولیت اور ٹیسٹ ڈیبیو

قائداعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد پی سی بی نے 7 نومبر 2026 کو سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں توسیع کرتے ہوئے ثاقب خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا۔
ان کے علاوہ فاسٹ بولر علی شبیر اور بیٹر محمد طیب عارف کو بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا جبکہ آل راؤنڈر عامر جمال کی واپسی ہوئی۔ 

قومی سکواڈ میں شمولیت سے پہلے ثاقب نے اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف پاکستان پیٹرنز الیون کی جانب سے تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا تھا۔(فوٹو:اے ایف پی)

قومی سکواڈ میں شمولیت سے پہلے ثاقب نے اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف پاکستان پیٹرنز الیون کی جانب سے تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا تھا۔
انہیں 9 نومبر کو راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کا موقع ملا۔ میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے تجربہ کار بلے باز دنیش چندیمل اور لہرو اودارا کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی دو ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم ان کی اصل پہچان چوتھے روز کی بولنگ بنی۔ جب سری لنکا کی ٹیم 404 رنز پر چار وکٹیں کھو کر مضبوط پوزیشن میں تھی تو ثاقب نے اہم موقع پر وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی اننگز 446 رنز پر سمیٹنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے 34 اوورز میں 130 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔ ان سے پہلے محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ثاقب اس فہرست میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی فاسٹ بولر ہیں۔
ٹیپ بال کرکٹ سے شروع ہونے والا یہ سفر اب ٹیسٹ کرکٹ کے یادگار ڈیبیو تک پہنچ چکا ہے۔ ثاقب خان کی سات وکٹوں کی کارکردگی نے انہیں نہ صرف قومی ٹیم میں ایک نمایاں آغاز دیا بلکہ ان کے طویل ڈومیسٹک سفر کو بھی شائقین کرکٹ کے سامنے لا کھڑا کیا۔

ثاقب خان کی ٹیسٹ ڈیبیو پر شاندار بولنگ کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی سراہا ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)

سوشل میڈیا پر ثاقب خان کی کارکردگی کے چرچے

ثاقب خان کی ٹیسٹ ڈیبیو پر شاندار بولنگ کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی سراہا ہے۔ 
کرکٹ تجزیہ کار ساجد صادق نے ان کی کارکردگی کو یادگار قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ثاقب نے ٹیسٹ ڈیبیو پر پاکستان کی جانب سے چوتھی بہترین بولنگ کارکردگی دکھائی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر خرم منظور خان نے ثاقب کو سات وکٹیں لینے پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے، ان میں پاکستان کے لیے مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ 
انہوں نے ثاقب کو محنت جاری رکھنے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔
ایکس صارف ہمایس خان نے لکھا کہ ثاقب کئی برس سے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے اور انہیں بالآخر بڑے پلیٹ فارم پر موقع ملا۔ 
ان کے مطابق بولنگ کی رفتار اور صلاحیت پر تنقید کے جواب میں ثاقب نے سات وکٹیں لے کر اپنی کارکردگی سے جواب دیا اور سری لنکا کو پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کرنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب کرکٹ پلیٹ فارم ’پویلین پوسٹ‘ کے اکاؤنٹ کرک اِن سائٹس ایکس نے ثاقب کے ڈومیسٹک کرکٹ کے سفر سے متعلق ایک مختلف نکتہ اٹھایا۔ 
پوسٹ میں انہیں دیر سے ابھرنے والا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے 29 برس کی عمر میں 2024 میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا اور اب تک صرف 19 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔ 
پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان کا تعلق مینگورہ، سوات سے ہے اور وہ ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے رہے ہیں، جبکہ کرکٹ کے حلقوں میں انہیں ’ثاقب پٹھان‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

شیئر: