Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6 کا ترانہ، ’اوہ بھائی! یہ کیا بنا دیا‘

پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا یہ ترانہ آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ایک ہپ پاپ بینڈ ینگ سٹنرز نے گایا (فوٹو: اے ایف پی)
ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ترانہ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔
 گذشتہ روز سنیچر کو پاکستان سپر لیگ کا ترانہ ’گروو میرا‘ پی ایس ایل کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا جس کے بعد یہ موضوع گفتگو بن گیا۔
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا یہ ترانہ آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ایک ہپ پاپ بینڈ ینگ سٹنرز نے گایا۔
روایتی اور ہپ پاپ میوزک کے اس امتزاج کو سن کر صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس گانے کو پسند کیا اور ساتھ ہی کچھ صارفین نے ناپسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔
کچھ صارفین اس گانے کو نصیبو لال تو کچھ  آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز کی وجہ سے پسند کر رہے ہیں۔
 کیتھ جون نامی ٹویٹر صارف نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں بہت سے لوگ اس ترانے کو ناپسند کر رہے ہیں۔ یقیناً یہ ترانہ بہترین نہیں ہے۔ ماضی میں بہترین ترانے دیے گئے۔ لیکن یہ ترانہ بھی برا نہیں ہے۔‘
ترانے پر ہونے والے تبصروں میں ارباز منور نامی صارف نے یوٹیوب پر لکھا کہ ’میں نے یہ گانا اپنی دوست کے ساتھ سنا اب میں سنگل ہوں۔‘ گانے پر تنقید کرتے ہوئے طاہر الدین سیدی کہتے ہیں کہ ’میں ترانے کے الفاظ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اس کے الفاظ کرکٹ سے کیسے تعلق رکھتے ہیں؟‘
سوشل میڈیا پرترانے کے ریلیز ہوتے ہی چند گھنٹوں میں دیکھنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہوگئی۔ رومان نامی ٹویٹر صارف نے کہا کہ 'پی ایس ایل کا ترانہ آیا اور چھا گیا۔ کیا پرجوش اور حیرت انگیز ترانہ ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے کیے جانے والے تبصروں کو دیکھ کر ایک ٹویٹر صارف علی نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا عوام کے اس رد عمل کے بعد اگلے سال کوئی گلوکار پی ایس ایل کے ترانے کے لیے تیار ہوگا۔‘

ترانے پر تبصرا کرتے ہوئے نومی نے لکھا کہ ’پی ایس ایل اینتھم بہت زبردست۔ ایک اچھا امتزاج سن کر اچھا لگا۔‘

So after the third listen the #HBLPSL6 anthem has grown on me.. it’s actually quite groovy!.. #MatchDikhao
پی ایس ایل کے ترانے کو سراہتے ہوئے ٹوئٹر صارف عمیر لکھتے ہیں کہ ’میں نے پہلی بار یہ ترانہ دیکھا اور پھر صرف سنا، اور مجھے یقین ہے انہوں نے واقعی بہترین کام کیا ہے۔ نصیبو میرے لیے ایک سٹار ہیں۔‘
ایک ٹویٹر صارف ملک عزیر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’یہ ترانہ سننے کے بعد میرے کانوں میں دل کا دورہ پڑ گیا۔ اوہ بھائی! کیا بنا دیا ہے۔‘

گزشتہ برس بھی پی ایس ایل کا ترانہ تنازع کا شکار ہوا جس کے بعد پاکستانی پاپ گلوکارعلی ظفر نے ذاتی حیثیت میں پی ایس ایل کے لیے دوسرا گانا ریلیز کیا تھا۔

شیئر: