Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی ویکسین ڈپلومیسی، 17 ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی

انڈیا ایک کروڑ 65 لاکھ ویکسین کی خوراکیں 17 ممالک کو بھجوا چکا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا نے ’ویکسین سفارتکاری‘ کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے بعد ویکسین کی خوراکیں کمبوڈیا بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کے روز انڈیا نے ویکسین کی خوراکیں کمبوڈیا بھیجنے کی منظوری دی ہے، جبکہ منگولیا اور بحرالکاہل کی ریاستوں کو بھی ویکسین فراہم کی جائے گی۔
حریف ملک چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انڈیا قریبی ممالک کو ویکسین کی لاکھوں خوراکیں عطیہ کر چکا ہے۔
چین نے بھی کورونا ویکسین دیگر ممالک کو فراہم کرنے کے عہد کا اظہار کیا تھا۔
انڈیا نے مقامی سطح پر تیار کی گئی ایسٹرا زینیکا ویکسین کی خوراکیں افغانستان، میانمر، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ کو فراہم کی ہیں۔
انڈیا مختلف بیماریوں کے لیے ویکسین تیار کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ ماہرین کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی انڈیا کی اسی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے علاقائی تعلقات کو بہتر کرنے، اور ساتھ ہی چین کے سیاسی اور معاشی اثرو سروخ کا بھی مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کمبوڈیا کے وزیراعظم کی نریندر مودی کو درخواست کے بعد انڈیا نے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکوں کی منظوری دی ہے۔
اہم اتحادی ہونے کے ناطے چین کی جانب سے کمبوڈیا کو دس لاکھ خوراکوں کی فراہمی کا امکان ہے، جو چین کی سرکاری دواساز کمپنی سائنو فارم نے تیار کی ہیں۔
انڈیا کے کمبوڈیا میں سفیر دیویانی خوبراگیڈ کا کہنا ہے کہ انڈیا کے سیرم انسٹی ٹیوٹ نے ویکسین کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انڈیا میں اب تک 30 لاکھ ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگ چکی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اتوار کو انڈیا نے ایسٹرا زینیکا کی پانچ لاکھ خوراکیں افغانستان کو عطیہ کی تھیں۔
اپنے حریف ملک پاکستان کا افغانستان میں اثر و رسوخ کم کرنے کے لیے انڈیا افغانستان کو لاکھوں ڈالر کی امداد دے چکا ہے۔
انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اب تک انڈیا ایک کروڑ 65 لاکھ ویکسین کی خوراکیں 17 ممالک کو بھجوا چکا ہے، جو یا تو بطور عطیہ دی گئی ہیں اور یا پھر  تجارتی معاہدوں کے تحت فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق آئندہ ہفتوں میں منگولیا، کیریبین ممالک اور بحرالکاہل کی ریاستوں کو بھی ویکسین بھجوائی جائے گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مقامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔
انڈیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے، جو اگست تک 30 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
16 جنوری کو شروع ہونے والی مہم کے پہلے دو ہفتوں میں انڈیا نے 30 لاکھ صحت کے عملے کو ویکسین لگائی تھی۔

شیئر: