Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی سری لنکا کو ایسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین کی مفت فراہمی

سری لنکا جمعے کے روز سے ویکسن لگانے کی مہم کا آغاز کرے گا۔ فوٹو فری پک
انڈیا نے ہمسایہ ملک سری لنکا کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی غرض سے کورونا ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں بھجوائی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق انڈیا ویکسین بنانے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جہاں ایسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین کی خوراکیں بنائی جا رہی ہیں۔
ویکسین کی یہ خوراکیں انڈیا کے لائسنس یافتہ سیرم انسٹی ٹیوٹ میں تیار کی جاتی ہیں۔
سری لنکا کے صدر گوٹا بایا راجا پاکسا نے انڈیا کی جانب سے بھجوائی گئی ویکسین کولمبو ایئر پورٹ پر ایک تقریب میں وصول کی۔
دو کروڑ سے زائد آبادی والا ملک سری لنکا جمعے سے ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کرے گا، جس کی شروعات فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے سے کی جائے گی۔
سری لنکا کے صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر گوٹا بایا نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو ویکسین کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت سری لنکا میں سرمایہ کاری کرنے والے ملک چین نے بھی تین لاکھ ویکسین کی بوتلیں سری لنکا کو عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔  
انڈیا نے سری لنکا کے علاوہ بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ، نیپال اور ماریشس کو بھی مفت ویکسین فراہم کی ہے، جبکہ افغانستان کو بھی ویکسین عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انڈیا کی بھجوائی گئی ویکسین سری لنکا کے صدر نے خود موصول کی۔ فوٹو اے ایف پی

انڈین وزارت خارجہ کے مطابق کمرشل بنیادوں پر برازيل اور مراكش کو ویکسین برآمد کی گئی ہے، جبکہ سعودی عرب، جنوبی افریقہ، کینیڈا اور منگولیا کو بھی برآمد کرنے کا ارادہ ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا اپنے دوست ممالک کو ویکسین کی فراہمی جاری رکھے گا۔
ساتھ ہی ترجمان نے وضاحت کی کہ دیگر ممالک کو ویکسین کی ترسیل کا دارومدار ملکی سطح پر ویکسین کی ضرورت کے حساب سے ہوگا۔

شیئر: