Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ روز میں 6 ہزار مسافروں کی سعودی عرب سے پاکستان واپسی

ترجمان کے مطابق 6 ہزار 331 مسافر پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان واپس آئے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی حکام کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافے کے بعد دو ہفتوں کے لیے غیر ملکیوں کی مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پابندی کے اعلان کے بعد یکطرفہ پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا جس کے ذریعے گزشتہ پانچ روز میں چھ ہزار سے زائد مسافروں کو سعودی عرب سے پاکستان لایا گیا ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے داخلے پر جزوی پابندی عائد ہونے کے بعد گزشتہ پانچ روز میں 15 پروازیں سعودی عرب سے پاکستان چلائی گئی ہیں۔ 
 
ترجمان کے مطابق ’ چھ ہزار تین سو اکتیس مسافر پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان واپس آئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے انتظامیہ نے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستانی مسافروں کو سرکاری ایئرلائن مشکل کی اس گھڑی میں سہولت فراہم کرے۔‘
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر جدہ، ریاض، دمام اور مدینہ سے روزانہ کی بنیاد پر تین سے چار پروازیں شیڈول کی گئی ہیں اور مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ان پروازوں کی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
پی آئی اے حکام نے ایک ہفتے میں سعودی عرب سے 9 ہزار مسافروں کو پاکستان لانے کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ 
خیال رہے کہ بدھ سے سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک سے آنے والی پروازوں پر جزوی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پی آئی اے کے علاوہ سعودی ایئرلائنز نے بھی پاکستان کے لیے فضائی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 

شیئر: