Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے خلائی مشن ’ہوپ‘ نے مریخ کی پہلی تصویر بھیج دی

امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے یہ تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی ہے۔
مریخ کے مدار میں پہنچنے والے متحدہ عرب امارات کے مشن ’ہوپ‘ نے سیارے کی پہلی تصویر بھیجی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو امارات کی قومی سپیس ایجنسی نے کہا ہے کہ چند دن قبل مریخ کے مدار میں داخل ہونے والے خلائی مشن نے وہاں سے پہلی تصویر ارسال کی ہے۔

 

سپیس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مریخ کی تصویر ’نظام شمسی میں ایک بڑے آتش فشاں اولمپس مونز کی ہے جو صبح کے وقت سورج کی روشنی میں سامنے آ رہا ہے۔‘
بیان کے مطابق تصویر بدھ کو اس وقت لی گئی جب مشن مدار میں داخل ہوا اور مریخ کی سطح سے 24 ہزار 700 کلومیٹر بلندی سے منظر کو عکس بند کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے یہ تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی ہے۔
انہوں نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’عرب تاریخ میں پہلے خلائی تحقیقی مشن کی مریخ کی پہلی تصویر۔‘
امارات کے خلائی مشن کا مقصد مریخ کے موسم پر تحقیق ہے تاہم اس مشن کے ذریعے خطے کے نوجوانوں کو خلائی شعبے کی جانب راغب کرنا بھی ہے۔ 
’ہوپ‘ جسے عربی میں ’الامل‘ کہا جاتا ہے کم از کم ایک مریخی سال یعنی 687 دن تک اس سرخ سیارے کے مدار میں گردش کرے گا۔ 
گزشتہ ہفتے امارات کا یہ خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ چھ ماہ کے طویل خلائی سفر کے بعد کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل ہوا۔

شیئر: