Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا خلائی مشن ’ہوپ‘ کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل

متحدہ عرب امارات، چین اور امریکہ سب نے جولائی 2020 میں مریخ کے لیے اپنے اپنے مشنز روانہ کیے تھے۔
متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ چھ ماہ کے طویل خلائی سفر کے بعد کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا ہے۔
محمد بن راشد خلائی مرکز میں مشن کی کامیابی پر جشن کا سماں ہے۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد نے مرکز میں موجود عملے کو مبارکباد دی ہے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اس بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات کےعوام، عرب اور مسلم ممالک کے لیے ہم مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہونے کا اعلان کرتے ہیں’۔ ’خدا کا شکر ہے‘۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے ٹوئٹ کیا ’مریخ تک خلائی مشن کا سفر شیخ زاید سے شروع ہوا تھا۔ الامل خلائی مشن ورکنگ ٹیم نے اسے  آج منطقی انجام تک پہنچا دیا ہے‘۔ 
ہم اماراتی عوام ، امت مسلمہ، عربوں اور دنیا بھر کے انسانوں کو 2021 میں مریخ پر پہلے خلائی مشن کے پہنچنے کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج سے عربوں کی سائنسی تاریخ کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا۔ اس مرحلے کا عنوان ’اعتماد‘ ہے۔ اپنے اوپر اپنے نوجوانوں اور عرب اقوام پر اعتماد۔ یہ اعتماد کہ ہم دنیا کی دیگر اقوام کے حریف بن سکتے ہیں۔ 
ایک اور ٹویٹ میں  شیخ محمد بن زاید نے کہا ’خلائی مشن الامل کے مریخ پہنچنے پر امارات اپنی پچاسویں سالگرہ تقریبات شروع کررہا ہے۔ ہماری تقریبات مختلف ہیں۔ سائنسی، تمدنی اور الھامی تقریبات ہیں۔ ہم ترقیاتی نمونہ تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ نمونہ عرب نوجوانوں کو پیغام دے رہا ہے کہ ہم اپنا ایک تمدن رکھتے ہیں اور اپنے تمدن کو جلد بازیاب کرلیں گے- اللہ  کے حکم  سے نوجوانوں اور ان کے بازوؤں کے بل پر ہم ایسا کرسکیں گے‘۔ 
متحدہ عرب امارات، چین اور امریکہ سب نے جولائی 2020 میں مریخ کے لیے اپنے اپنے مشنز روانہ کیے تھے۔
یہ وہ وقت تھا جب مریخ اور زمین ایک دوسرے کے انتہائی قریب تھے چنانچہ تینوں ملکوں نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مریخ پر مشن بھیجے تھے۔

یہ مشن 687 دن تک سرخ سیارے کے مدار میں گردش کرے گا (فوٹو: گلف ٹوڈے)

 مشن  کی کامیابی سے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات مریخ پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا ہے۔
یہ مشن ایک ایسے وقت میں مریخ پر پہنچا ہے جب متحدہ عرب امارات کی ریاستیں اپنے اتحاد کی 50 ویں سالگرہ بھی منا رہی ہیں۔
چین کا مشن یو اے ای کے مشن کے اگلے روزمریخ پر پہنچے گا اور اس طرح چین مریخ پر پہنچنے والا چھٹا ملک بن جائے گا۔

مشن منگل کو مریخ کے مدار میں داخل ہونے کے قریب پہنچ گیا (فوٹو: ٹوئٹر)

متحدہ عرب امارات میں رات کے وقت سرخ نشانات روشن کر دیے گئے جو حکومت کے اکاؤنٹ ’#ArabstoMars‘ ہیش ٹیگ سے مزین ہیں۔
دبئی کا برج خلیفہ جو دنیا کا سب سے بلند ٹاور ہے اس عظیم دن منائے جانے والے جشن کا مرکز ہو گا۔
’ہوپ‘ جسے عربی میں ’الامل‘ کہا جاتا ہے کم از کم ایک مریخی سال یعنی 687 دن تک اس سرخ سیارے کے مدار میں گردش کرے گا جبکہ چین سے تعلق رکھنے والا ’تیان وین1‘ اور امریکہ کے ’مارس 2020 پریزرونس روور‘ دونوں مریخ کی سطح پر اتریں گے۔

امارات کی ریاستیں اپنے اتحاد کی 50 ویں سالگرہ  بھی منا رہی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

یاد رہے کہ ماضی میں امریکہ، انڈیا، سابق سوویت یونین اور یورپی خلائی ایجنسی کامیابی کے ساتھ مریخ پر پہنچ چکے ہیں۔
اماراتی عہدیداروں کے مطابق  جولائی 2020 میں جاپان سے داغے جانے کے بعد ’ہوپ مشن‘ کو اب اپنی انتہائی نازک اور پیچیدہ مشق کا سامنا کرنا ہے۔
مریخ کے مدار میں کامیابی کے ساتھ داخل ہونے کے امکانات  ففٹی ففٹی ہیں۔
اس خلائی جہاز کے مریخی کشش ثقل کے حصار میں جانے کے لیے نمایاں طور پر آہستہ ہونا ضروری ہے۔ اس لیے یہ جہازگردش کے دوران27 منٹ کے لیے اپنے تمام چھ کے چھ ’ڈیلٹا Vتھرسٹر‘ کوفائر کر دے گا جس کے بعد اس کی رفتار121000 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم ہو کر 18000کلومیٹرفی گھنٹہ ہو جائے گی۔
وہ عمل جو اس کا نصف ایندھن استعمال کرے گا، منگل سے شروع ہو گیا ہے۔ اس کی پیشرفت کے سگنل کو زمین تک پہنچنے میں 11 منٹ لگیں گے۔
متحدہ عرب امارات مشن کے پروجیکٹ منیجرعمران شراف نے بتایا ہے کہ اس سال مریخ پر پہنچنے والے مشنز میں سب سے پہلا مشن ہمارا ہے جو ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
پروجیکٹ مینجر نے بتایا کہ اس اہم مشن کے لیے مخلص اور ہنرمند کمپنی میں شمولیت خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے مقابلے کی دوڑ کبھی نہیں تھی۔ ہم باہمی تعاون اور کوشش کے ذریعے خلا تک پہنچے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کے وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوا د چوہدری نے ہوپ پروب مشن کو متحدہ عرب امارات کا ’ خلائی تسخیر ‘ اقدام کہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔
 امارات نیوز ایجنسی ’ وام‘ سے خصوصی ویڈیو گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہوپ پروب پہلا عرب خلائی مشن ہے اور اس کی کامیابی نے متحدہ عرب امارات کو سرخ سیارے تک پہنچنے والا دنیا کا پانچواں ملک بنادیا ہے۔
روس نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے مریخ کے تحقیقی مشن ہوپ پروب کا منزل پر پہنچنا ہی بڑا سنگ میل ہے۔
 ایک بیان میں روس کی وفاقی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے کہا کہ منزل کے مقام پر پہنچنا ہی ایک مشن کے لئے  بڑا سنگ میل ہوتا ہے اور ہم اس اہم کامیابی پر اپنے اماراتی ساتھیوں کو مبارکبا د پیش کرتے ہیں۔ 
 

شیئر: