Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور قطر کے مابین تجارت دوبارہ شروع

تین سالہ سفارتی تنازع کے بعد دوحہ کے ساتھ تعلقات بحال ہوئے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
قطر میں کسٹمز کی جنرل اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 14 فروری بروز اتوار  سے بو سمرہ سرحدی چوکی  عبور کرتے ہوئے سعودی عرب اور قطر کے مابین سامان کی تجارت دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
العربیہ نیوز چینل نے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں سلو ی  چوکی  اور قطر  کی جانب سے بو سمرہ  چوکی کے  راستے سے عام تجارتی سامان گزارنے کے لیے قواعد وضوابط کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔

سعودی کسٹمز نے سلوی بارڈر پر دوبارہ آمدورفت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

قطری حکام  کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کھولے جانے والے اس بارڈر پر کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔
سرحد عبور کرنے کے پوائنٹ پر  پہنچنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے پاس ہیلتھ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے جو 72 گھنٹے سے پرانا نہ ہو۔ یہ سرٹیفکیٹ  سعودی عرب کی وزارت صحت سے تصدیق شدہ ہونا ضروری ہے۔
ہیلتھ سرٹیفکیٹ 72 گھنٹے کے اندر کورونا  ٹیسٹ کا منفی نتیجہ ظاہر کرتا ہو بصورت دیگر کسی ٹرک ڈرائیور کو  قطر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔

ٹرک ڈرائیوروں کے پاس تصدیق شدہ ہیلتھ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔(فوٹو الشرق الاوسط)

اس کے علاوہ ٹرکوں پر لدے تمام سامان کی جانچ پڑتال کے لیے سامان کے نمونے حاصل کئے جائیں گے۔
گذشتہ ماہ العلا میں جی سی سی کانفرنس کے دوران ہونے والے معاہدے کے بعد ہونے والی پیشرفت کے بعد سعودی کسٹمز نے 9 جنوری کو قطر کے ساتھ سلوی بارڈر پر دوبارہ آمدورفت کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ جی سی سی کانفرنس میں طے پانے والے معاہدے کے بعد سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین اور مصر نے تین سالہ سفارتی تنازع کے بعد دوحہ کے ساتھ تعلقات بحال کئے ہیں۔
 

شیئر: