Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا سعودی عرب اور قطر کی طرف سے سرحدیں کھولنے کا خیر مقدم

’دونوں ممالک کے درمیان تقریبا چار سال سے جاری متنازعہ امور حل کرنے میں مدد ملے گی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے سعودی عرب اور قطر کے درمیان زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں دوبارہ کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم خلیج تعاون کونسل (جی۔سی۔سی) ممالک کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں جس سے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تقریبا چار سال سے جاری متنازعہ امور حل کرنے میں مدد ملے گی۔‘

 

’پاکستان ’جی سی سی ممالک کے درمیان اختلافات حل کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے پر امیر کویت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ان کی اور جی سی سی ممالک کے تعاون کی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں سے افہام وتفہیم پر مبنی اس اہم نتیجے کے سامنے آنے کی راہ ہموار ہوئی۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ آج العلا میں ہونے والے جی سی سی سربراہ اجلاس کے انعقاد سے اس حوصلہ افزا پیش رفت کو مزید تقویت ملے گی اور تنظیم کے ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ ‘
’پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ساتھ اپنے روابط اور جی سی سی ممالک کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بے انتہاء اہمیت دیتا ہے۔‘

شیئر: