Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز کی پشاور زلمی کے خلاف چار وکٹوں سے فتح

پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان اب تک 11 میچز کھیلے گئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پشاور زلمی نے قلندرز کو 141 رنز ٹارگٹ دیا تھا جو اس نے 18.4 اوورز میں مکمل کر لیا۔
لاہور قلندرز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور ایک بعد دوسرا بلے باز ڈھیر ہوتا گیا، لیکن محمد حفیظ نے وکٹ پر کھڑے رہ کر قلندرز کی کشتی کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ راشد خان نے محمد  حفیظ کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ کھیلی اور وہ 15 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قلندرز کے اوپنر بلے بازوں سہیل اختر اور فخر زمان کو وہاب ریاض اور مجیب الرحمن نے پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ سہیل اختر نے 14 رنز بنائے جبکہ فخر زمان بھی صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔
اسی طرح آغا سلمان بھی ابھی 21 رنز ہی بنا پائے تھے کہ عماد بٹ نے انہیں اپنا شکار بنایا۔ بین ڈنک ڈولتی کشتی کو سہارا دینے آئے لیکن 22 رنز پر وہاب ریاض نے انہیں بولڈ کر دیا۔
سمت پٹیل بھی کوئی خاص کارکردگی دکھائے بغیر ثاقب محمود کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ ڈیوڈ ویز ابھی سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ ثاقب محمود نے انہیں بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
 
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن میں اتوار کو ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز کے بولرز نے پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن کو ہلا کر رکھ دیا۔
اوپنر امام الحق میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔ جس کے بعد کامران اکمل بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور پانچ رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس سے اگلی ہی گیند پر سلمان مرزا نے حیدر علی کو بھی صفر پر پولین واپس روانہ کر دیا۔ اس کے بعد شیعب ملک نے ٹیم کے سکور کو کچھ آگے بڑھایا لیکن وہ 26 رنز بنا کر ڈیوڈ ویسے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ٹکرائیں گی جبکہ شام کو ہونے والے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔
پہلا میچ سہ پہر کو شروع ہوا جبکہ دوسرے میچ کا آغاز شام سات بجے ہوگا۔  
گزشتہ روز پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز شانداز فتح سے کیا تھا۔کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔  

پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز 

پاکستان سپر لیگ کی ایک بار فاتح رہنے والی ٹیم پشاور زلمی آج گزشتہ سیزن کی رنرز اپ لاہور قلندرز سے پنجہ آزمائے گی۔  
دوسری جانب لاہور قلندرز کی قیادت نوجوان سہیل اختر کریں گے۔  

دوسرا میچ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔ فوٹو اے ایف پی

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پشاور زلمی کو 8 جبکہ 3 میچز میں لاہور قلندرز کو کامیابی ملی ہے۔  
پشاور زلمی دو بار ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے جبکہ لاہور قلندرز کا شمار لیگ کی بد قسمت ٹیموں میں کیا جاتا ہے۔ تاہم گزشتہ سیزن میں لاہور قلندرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔  

دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی کونسے ہیں؟ 

پشاور زلمی اور لاہور قلندرز دونوں ہی  ٹیموں کا سکواڈ مقامی اور غیر ملکی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے تاہم پشاور زلمی نے رواں سیزن میں سکواڈ میں نئے کھلاڑی شامل کیے ہیں جس کے بعد ٹیم تشکیل نو کے مرحلے میں ہے۔  

محمد حفیظ 

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک محمد حفیظ کا بلہ لاہور قلندرز کے لیے رنز اگلے گا۔ محمد حفیظ کی سکواڈ میں شمولیت کسی بھی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہے اور ایک میچ ونر کھلاڑی کی حیثیت سے وہ تن تنہا میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  

بین ڈنک  

آسٹریلیئن کھلاڑی بین ڈنک گزشتہ سیزن میں پی ایس ایل کے مقبول ترین کھلاڑی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ جارح مزاج بلے باز رواں سیزن میں بھی اپنے ابتدائی میچ میں اپنے ٹیم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرتے نظر آئیں گے اور اپنے مخصوص انداز میں گیند بازوں کے چھکے چھڑانے کے لیے تیار ہوں گے۔  

محمد حفیظ تن تنہا میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

راشد خان 

افغانستان کے راشد خان دنیائے کرکٹ کی بڑی لیگز میں اب آل راؤنڈرز کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی لاہور قلندرز کی جانب سے اپنا ڈبیو کرنے والے راشد خان اس بار پاکستان میں اپنے فینز میں اضافہ کرنے کے لیے کوشاں ہوں گے اور اپنی عمدہ گیند بازی اور جارح مزاح بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کریں گے۔  

حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی جوڑی 

محدود اوورز کے بہترین گیند باز حارث رؤف اور شاہین آفریدی کا ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ لاہور قلندرز کی بالنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہوگا۔ دونوں گیند باز میچ کے آخری مرحلے میں بہترین باؤلنگ کی مہارت رکھتے ہیں اور آخری اوورز میں مخالف ٹیم کے رنز کو محدود کر لینا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جیت کا سب سے بڑا فیکٹر ہوتا ہے۔ 

حیدر علی، لیام لیونگسٹون ،کامران اکمل اور شعیب ملک  

پشاور زلمی کے پاس نوجوان حیدر علی، لیام لینوگسٹون کی صورت میں بہترین اوپننگ جوڑی دستیاب ہے، جبکہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران اکمل اور تجربہ کار شعیب ملک پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن کو دیگر ٹیموں سے مضبوط اور مستحکم بناتا ہے۔  
اس کے علاوہ انگلینڈ کے آل راؤنڈرز راوی بوپارہ کی خدمات بھی پشاور زلمی کو حاصل ہوں گی۔  

شیئر: