Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فارما انڈسٹری کی سعودائزیشن اولین ترجیح ہے: وزیر صنعت

سعودی عرب میں میڈیسن مارکیٹ کا حجم 30 ارب ریال کے لگ بھگ ہے(فوٹو سبق)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں فارما انڈسٹری کا حجم 30 ارب ریال کے لگ بھگ ہے اور اس کی سعودائزیشن ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت وطن عزیز میں دوا سازی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے صنعتی فروغ کے قومی مرکز اور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون و اشتراک سے کام کررہی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر صنعت نے اس عزم کا اظہار دوا سازی کی سعودائزیشن سے متعلق پہلے آن لائن ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر کیا ہے۔ ورکشاپ  ’پائیدار دوا سازی‘ کے سلوگن کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے۔  
وزیر صنعت نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پوری دنیا زبردست صحت چیلنجوں سے گزری ہے۔  تاریخ میں اتنا بڑا چیلنج صحت کے حوالے سے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا- اس نے دوا کی ترسیل اور لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کے طور طریقے بدل ڈالے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا سے برپا ہونے والی تبدیلیاں زندگی کے ہر شعبے میں دیکھی گئی ہیں۔
بندر الخریف کا کہنا تھا کہ ملازمت’ تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبے متاثر ہوئے۔ اس کا نتیجہ پیداوار پر منفی اثرات کی صورت میں دیکھنے میں آیا تاہم وبا کے چیلنجوں نے بڑے مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔

یہاں مشرق وسطی کی 30 فیصد سے زیادہ بڑی  مارکیٹ ہے۔( فوٹو الشرق الاوسط)

انہوں نے کہا کہ متعدد شعبوں خصوصا صحت شعبے کو اوپر اٹھنے کی راہ ہموار ہووی ہے۔ دنیا بھر کے صنعت کار اس شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی بابت سوچنے لگے ہیں۔ 
الخریف نے بتایا کہ سعودی عرب میں دواؤں کے شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم خطے میں سب سے بڑا ہے۔ یہاں مشرق وسطی کی 30 فیصد سے زیادہ بڑی مارکیٹ ہے۔
انہو نے کہا کہ مملکت میں  چالیس سے زیادہ دواساز فیکٹریاں ہیں اور یہ سعودی عرب کی 36 فیصد ضروریات پوری کرپارہی ہیں۔
سعودی عرب میں میڈیسن کے شعبے کی سالانہ شرح نمو پانچ فیصد ہے۔ مملکت سالانہ ڈیڑھ ارب ریال سے زیادہ کی میڈ یسن برآمد بھی کررہا ہے۔  

شیئر: