Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامے کے سہ ماہی اجرا اور تجدید کے فیصلے پر عمل درآمد کب؟

عمل درآمد مرحلہ وار بھی ہوسکتا ہے، دارومدار تکنیکی انتظامات پر ہوگا ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ایوان شاہی نے سہ ماہی اقاموں کے اجرا اور تجدید کو منظم کرنے کے لیے پانچ اداروں کو رابطہ مہم کے لیے گرین سگنل دیا ہے۔
وزیرداخلہ سہ ماہی اقاموں کے اجرا و تجدید پر عمل درآمد کی تاریخ متعین کریں گے۔
المدینہ اخبار کے مطابق ورک پرمٹ والے اقاموں کے اجرا اور تجدید  کی تاریخ کا تعین وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود اورسعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا)  کے سربراہ  کے ساتھ یک جہتی پیدا کرکے کیا جائے گا۔ 
یہ ادارے وزارت خزانہ اور تیل  کے سوا فروغ درآمدات مرکز کے ساتھ یک جہتی پیدا کرکے ایسے اقاموں کے اجرا و تجدید کے لیے ضروری اقدامات کریں گے جو ورک پرمٹ سے جڑے ہوئے ہیں۔ عمل درآمد مرحلہ وار بھی ہو سکتا ہے اور اس کا دارومدار تکنیکی انتظامات پر ہوگا۔  
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے اس سے قبل ورک پرمٹ سے مربوط  اقاموں کے اجرا اور تجدید کے حوالے سے یہ منظوری دے دی تھی کہ ہر تین ماہ کے لیے اقامے جاری کیے جا سکتے ہیں اور کم از کم تین ماہ تک کی توسیع کی جا سکتی ہے- اس سے گھریلو عملے اور ان کے زمرے میں آنے والوں کو مستثنیٰ رکھا گیا تھا-  
سعودی کابینہ نے اس بات کی بھی منظوری دے رکھی ہے کہ ورک پرمٹ فیس، اقامہ فیس، مقابل مالی اور اقاموں کے اجرا کی فیس بھی اقامے کی مدت کے لحاظ سے قسطوں میں وصول کی جا سکتی ہے۔

شیئر: