Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: اقامے کے سہ ماہی اجرا اور تجدید کی منظوری

یہ منظوری ورک پرمٹ اقامہ ہولڈرز کے لیے ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے بدھ کو  شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اقمے کے سہ ماہی اجرا اور تجدید کی منظوری دی ہے۔
یہ منظوری ورک پرمٹ اقامہ ہولڈرز کے لیے ہے۔ گھریلو عملہ اور وہ تمام ملازمین جو اس کے دائرے میں آتے ہیں ان پر یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوگا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ’سعودی کابینہ نے ورک پرمٹ فیس، اقامہ فیس اور مقابل مالی کی قسطوں میں وصولی کی منظوری دی ہے۔ یہ فیس اقامے کی مدت کے حساب سے وصول کی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ اب تک ایک سال کی فیسیں یکمشت وصول کی جا رہی تھیں۔ اب کم از کم تین ماہ کے لیے اقامے کا اجرا اور تجدید ہو سکے گی۔
کابینہ نے ڈپلومیٹک کوارٹر اتھارٹی اور اس کے انتظامی ضوابط منسوخ کر دیے اور اتھارٹی کے تمام فرائض، منصوبے، حقوق و ذمہ داریاں اور ملازمین ریاض رائل اتھارٹی کو منتقل کیے ہیں۔
سعودی کابینہ نے زیر تربیت سعودی ڈاکٹر پروگرام کا نام تبدیل کرکے صحت عملے کی تربیت کا پروگرام  رکھنے کی بھی منظوری دی ہے۔
سعودی ہیلتھ سپیشلائزیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام تربیتی پروگراموں میں غیر ڈاکٹروں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
سعودی کابینہ نے پبلک انویسٹمنٹ کی آئندہ پانچ سالہ حکمت عملی کو اقتصادی شرح نمو، معیار زندگی بلند کرنے اور ہمہ جہتی ترقی سے متعلق سعود ی امنگوں پوری کرنے کے سلسلے میں بنیادی پتھر سے تعبیر کیا ہے۔
 کابینہ نے سعودی عرب کے تابناک مستقبل سے متعلق ولی عہد کے عروج پذیر تصوارت پر مشتمل خطاب پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔

سعودی کابینہ  کا اجلاس بدھ کو  شاہ سلمان کی صدارت میں ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)

کابینہ کا کہنا ہے کہ ’یہ تصورات ترقی کے کاررواں کو آگے بڑھانے اقتصادی شرح نمو بہتر بنانے اور اقتصادی تنوع پیدا کرنے یں معاون ثابت ہوں گے‘۔
سعودی کابینہ نے ہر طرح کی دہشت گردی کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔ کابینہ نے بغداد میں دہرے خود کش حملے کی سخت مذمت کی اور امن واستحکام کو خطرات لاحق کرنے والی سرگرمیوں سے نمنٹنے کے لیے عراق کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔
سعودی کابینہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کے تحفط کے لیے تمام وسائل کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔

شیئر: