Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار، 23 اگست تک اصلاح کی مہلت 

سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے نئے قانون پر عمل کیا جا رہا ہے۔( فوٹو سبق)
سعودی وزارت تجارت نے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو قانون تجارت کی خلاف ورزیوں کی اصلاح کےلیے مہلت  دینے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار 28 فروری سے 23 اگست تک مہلت سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت نے سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے نئے قانون پر عمل درآمد شروع کیا ہے۔
 اس حوالے سے پرانے قانون کی خلاف ورزیاں کرنے والے سعودیوں اور غیرملکیوں کے لیے اصلاح حال کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔ اصلاح حال کی مہلت پر اتوار 28 فروری سے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ 
مہلت کے دوران قانون تجارت کی خلاف ورزی کرنے والے سعودیوں اور غیرملکیوں کو متعدد آپشن دیے گئے ہیں جو لوگ اصلاح حال کے لیے وزارت تجارت سے درخواست کریں گے وہ تجارت پر پردہ پوشی قانون میں مقرر سزاؤں اور موثر بماضی انکم ٹیکس سے مستثنی ہوجائیں گے۔ 
’جو سعودی یا غیرملکی کاروبار پر پردہ پوشی کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے انہیں سزا اور انکم ٹیکس سے استثنی نہیں ملے گا۔ ایسے کسی بھی شخص کو استثنی حاصل نہیں ہوگا جسے پبلک پراسیکیوشن یا سپیشلسٹ عدالت کے حوالے کردیا گیا ہو‘۔
وزارت تجارت نے کاروبار کی پردہ پوشی کے انسداد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کہا ہے کہ اصلاح حال کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔
اصلاح حال کے لیے وزارت تجارت کی ویب سائٹ mc.gov.sa ایم سی ڈاٹ جی او وی  ڈاٹ ایس اے پر رابطہ کیا جائے۔

ایک آپشن یہ ہے کہ غیرملکی منفرد اقامے کی درخواست دے یا تجارتی ادارے میں انویسمنٹ کا لائسنس حاصل کیا جائےـ(فوٹو الریاض)

اصلاح حال کے لیے متعدد آپشن موجود ہیں۔ مثلا پہلا آپشن یہ ہے کہ ’سعودی یا غیرملکی کو باقاعدہ شریک کار کے طور پر رجسٹر کرایا جائے‘۔
 دوسرا آپشن یہ ہے کہ ’تجارتی ادارے کا کام جاری رکھا جائے‘۔ 
تیسرا آپشن یہ ہے کہ ’ادارے میں موجود سعودی کاروبار فروخت کردے یا اس سے دستبردار ہوجائے یا فریقین مل کر غیرملکی کے نام سے ادارے کا اندراج کرالیں یا کاروبار کی ملکیت غیرملکی کو انویسٹمنٹ لائسنس ملنے پر غیر ملکی کے نام منتقل کردی جائے‘۔
ایک آپشن یہ ہے کہ ’غیرملکی منفرد اقامے کی درخواست دے یا تجارتی ادارے میں انویسمنٹ کا لائسنس حاصل کیا جائے‘ـ
آخری آپشن یہ ہے کہ’ غیرملکی سعودی عرب سے فائنل ایگزٹ کی درخواست کردے‘۔ 

مہلت پروگرام کا عنوان ’اپنے کاروبار کو قانونی شکل دے دو‘ ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

سعودی عرب نے مقامی شہریوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کا سلسلہ ختم کرانے کے لیے قومی پروگرام تیار کیا ہے۔ اس میں متعدد سرکاری اداروں کو نمائندگی دی گئی ہے۔
 یہ پروگرام وزارت تجارت تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے چلائے گی جو لوگ مبینہ آپشنز کے مطابق قانونی انویسٹر بننا چاہیں گے ان کی درخواستیں جلدی نمٹائی جائیں گی جبکہ مہلت ختم ہونے پر قانون میں مذکور سزاؤں کے نفاذ میں کسی طرح کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ 
مہلت پروگرام کا عنوان ’اپنے کاروبار کو قانونی شکل دے دو‘ ہے۔ 

شیئر: