Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ایکسپائر ہے، اہلیہ کے وزٹ ویزے میں توسیع کیسے؟

وزٹ ویزے کی مدت میں اضافے کے لیے میڈیکل انشورنس اہم ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ڈی پورٹ ہونے کے بعد کتنی مدت تک مملکت آنے پر پابندی ہوتی ہے؟ 
 جوازات کا کہنا تھا کہ ڈی پورٹ ہونے والے کے بارے میں درست معلومات کے لیے جوازات کی ای میل [email protected] پر تفصیلات ارسال کی جائیں جنہیں دیکھ کرجواب دیاجائے گا۔ 
یاد رہے مملکت میں ایسے افراد جو غیر قانونی طور پر مقیم ہوتے ہیں یا اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے کفیل کےعلاوہ کسی دوسری جگہ کام کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں انہیں شعبہ ترحیل کے ذریعے ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے۔ 
ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے لیے مدت کا تعین اسی وقت کیا جاتا ہے جب غیر ملکی کو ڈی پورٹ ہونے کی سزا دی جاتی ہے۔ بلیک لسٹ ہونے کی مدت ہر کیس کی جدا ہوتی ہےاس لیے ہر کیس کے لیے یکساں مدت کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے۔ 
عام طور پر ڈی پورٹ ہونے والوں کو پانچ یا دس برس تک کے لیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے جبکہ وہ افراد جو خروج وعودہ ویزے پرجا کر واپس نہیں آتے ان کے لیے بلیک لسٹ کا دورانیہ 3 برس کا ہوتا ہے۔
ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹر پر’حج‘ خلاف ورزی کے حوالے سے پوچھا ہے کہ ’حج خلاف ورزی ریکارڈ ہو چکی ہے اب واپس وطن جانا چاہتا ہوں‘؟ 

ڈی پورٹ ہونے والوں کو پانچ یا دس برس تک کےلیے بلیک لسٹ کیاجاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

 جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ آپ اپنے شہر کے ڈیپوٹیشن سینٹر جسے عربی میں ترحیل کہا جاتا ہے سے رجوع کریں جہاں اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ قانون کے مطابق حج کرنے والوں کے لیے حج پرمٹ کا حصول لازمی ہے۔ ایسے افراد جو حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ جاتے ہیں انہیں مکہ میں داخل ہونے کے لیے خصوصی اجازت نامہ درکار ہوتا ہے جبکہ وہ افراد جو حج کرنا چاہتے ہیں انہیں لازمی ہے کہ وہ حج پرمٹ حاصل کریں۔ 
حج پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانے اور مناسک حج ادا کرنے والے افراد اگر دوران تفتیش پکڑے جاتے ہیں تو اسی وقت ان کے فنگر پرنٹ لے کر انہیں مناسک حج ادا کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تاہم بعد ازاں حج خلاف ورزی ان کے سسٹم میں فیڈ کی جاتی ہے جس کی سزا جرمانہ اور ملک بدری ہے۔  
خروج وعودہ ویزا حاصل کرنے کے بعد سفر نہ کرنے کے حوالے سے جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’گھریلو ڈرائیور(سائق خاص) کا خروج عودہ ایکسپائر ہو گیا ہے کیا کوئی رعایت ہے‘؟ 

 سفر نہ کرنے کی صورت میں خروج وعودہ ویزا کینسل کرانا لازمی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

 جوازات کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق خروج وعودہ ویزا ایکسپائر ہونے سے قبل سفر نہ کرنے کی صورت میں اسے کینسل کرانا لازمی ہے۔ 
 ایک شخص جن کی اہلیہ وزٹ ویزے پر ہیں اور ویزے کے مدت  ختم ہونے والی ہے نے دریافت کیا ہے کہ ’میرا اقامہ ایکسپائر ہوگیا ہے اہلیہ کے وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کیسے ہوگی؟ 
فیملی وزٹ ویزے کی تجدید کے حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ وزٹ ویزے کی مدت میں اضافے کے لیے میڈیکل انشورنس اہم ہے۔ وزٹ ویزے پر بلانے والے شخص کے اقامے سے ویزے کی مدت بڑھانے کا کوئی تعلق نہیں۔ 

شیئر: