Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی محافظ دستے کے تین اعلیٰ عہدیدار کرپشن کے الزام میں گرفتار

’گرفتار ہونے والے شاہی گارڈز میں ریٹائرڈ میجر جنرل، کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل رینک کے افسر شامل ہیں‘ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں شاہی محافظ دستے ’رائل گارڈ ‘ سے وابستہ تین اہلکاروں اور ایک افسر کو کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ادارہ انسداد کرپشن نے کہا ہے کہ ’گرفتار ہونے والے افسروں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی اور اپنے رشتے داروں کے نام پر بنائی گئی کمپنیوں کو 400 ملین ریال مالیت کے ٹینڈر جاری کیے تھے‘۔
’گرفتار ہونے والے شاہی گارڈز میں ریٹائرڈ میجر جنرل، کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل رینک کے افسر شامل ہیں‘۔
’مذکورہ افراد شاہی گارڈز کے شعبہ خریداری اور کنٹریکٹ ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کی نشاندہی پر 21 دیگر کاروباری شخصیات اور تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا گیا ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’گرفتار کیے جانے والے افسروں نے طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی اور اپنے رشتے داروں کی کمپنیوں کو مختلف ٹھیکے دیے تھے‘۔
 ’انہوں نے ان کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر سرکاری خزانے سے ادائیگیاں کیں نیز انہوں نے اپنے رشتہ داروں کے نام اندرون ملک اور بیرون ملک جائیدادیں خریدیں اور ادا کی جانے والی رقم کے ذرائع ظاہر نہیں کیے‘۔
ادارہ انسداد کرپشن نے مزید کہا ہے کہ ’ایک دوسرے مقدمے میں ایوان شاہی سے وابستہ ایک اہلکار کو دو مڈل مین کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ مذکورہ شخص ماضی میں لینڈ گرانٹ ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ رہا ہے‘۔
’ایوان شاہی کے مذکورہ  اہلکار کو شہریوں کو الاٹ کی گئی زمینوں کے عوض مڈل مین کے توسط سے رقم وصول کرنے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر زمینیوں کی الاٹمنٹ کی مد میں بھاری رقم بٹوری ہے‘۔
ادارہ انسداد کرپشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری منصب کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفادات کی خاطر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کا تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
 

شیئر: