Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے، او آئی سی اور دیگر کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

پورے خطے کے امن و استحکام  کو خطرہ لاحق ہورہا ہے۔(فوٹو عاجل)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جمعے کو خمیس مشیط پر حوثیوں کے مسلسل ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔
حوثیوں نے خمیس مشیط کے شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تیرہ گھنٹے کے دوران پے درپے 6 ڈرونز حملے کیے تھے جنہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی گرا کر تباہ کردیا گیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کویت نے سعودی عرب میں شہریوں پر حوثیوں کے مسلسل ڈرون حملوں کی  مذمت  کی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے خمیس مشیط پر حوثیوں کی طرف سے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعوی عرب سے یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ 
ایس پی اے کے مطابق اردن نے بیان جاری میں خمیس مشیط پر حوثیوں کے ڈرونز اور جازان پر بیلسٹک میزائل حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
  اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفایز نے کہا کہ آبادی پر دہشتگردانہ حملوں اور کشیدگی بڑھانے والی سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حوثیوں کی یہ سرگرمیاں تمام بین الاقوامی روایات خصوصا بین الاقوامی  انسانی قانون کے منافی ہیں۔

حوثیوں کی سرگرمیاں تمام بین الاقوامی روایات کے منافی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

ضیف اللہ الفایز نے کہا کہ سعودی عرب اور اردن کا امن ایک ہے۔ سعودی عرب پر حملہ اردن پر حملہ ہے۔ اس سے پورے خطے کے امن و استحکام  کو خطرہ لاحق ہورہا ہے۔
جیبوتی نے بیان میں کہا کہ وہ سعودی سول تنصیبات اور شہریوں پر حوثیوں کے بارود بردار ڈرونز حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔
ریاض میں جیبوتی کے سفیر ضیا الدین بمخرما نے کہا کہ جیبوتی سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ خطے کے امن و استحکام کو  متزلزل کرنے والی دہشتگردانہ سرگرمیوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرے۔

شیئر: