Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماجی فاصلے کی خلاف ورزی، سپر اسٹور افتتاح کے دو گھنٹے بعد بند

ینبع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فش ریسٹورنٹ کو بند کیا گیا ہے۔( فوٹو سبق)
سعودی عرب کے شہرحائل میں ایک سپر اسٹور کو افتتاح کے دوگھنٹے بعد سیل کردیا گیا جبکہ ینبع میں بلدیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک فش ریسٹورنٹ کو بند کیا ہے۔
 ویب نیوز سبق کے مطابق ینبع کمشنری میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور غیر معیاری مچھلی فروخت کرنے پر ایک ریسٹورنٹ کو سیل کرکے مالک کے خلاف جرمانہ عائد کردیا۔ 
بلدیہ کا کہنا تھا کہ فش ریسٹورانٹ میں جہاں کورونا کے حوالے سے ایس اوپیز کی خلاف ورزی جاری تھی۔ غیر معیاری مچھلیاں بھی فروخت کے لیے رکھی گئی تھیں۔ 
دوسری جانب حائل شہر میں معروف برانڈ کے سپراسٹور کے افتتاح کے موقع پر بے پناہ ازدحام کودیکھتے ہوئے اسٹورکو سیل کردیا گیا۔ 
 سبق نیوزکا کہنا تھا کہ سپراسٹور میں افتتاح کے موقع پر آنے والوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول کی صریح خلاف ورزی کی گئی۔ 
سپراسٹور کی جانب سے افتتاح کی مناسبت سے تمام اشیا پر خصوصی رعایتی سیل کا اعلان کیا گیا تھا جس کے سبب افتتاح کے دن بے پناہ ازدحام ہو گیا۔ لوگ اسٹور میں داخل ہونے کےلیے قطار میں لگنے کے بجائے دھکم پیل کرتے ہوئے اسٹور میں گھسنے کی کوشش کرتے رہے۔ 
اسٹور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹور کے افتتاح کے موقع پر سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کیے جانے پر مال کو عارضی طور پربند کردیا گیا ہے جو رعایتی سیل لگائی گئی تھی وہ بھی روک دی گئی ہے۔ 

شیئر: