Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شرجیل خان کی واپسی، شاہنواز دھانی بھی پاکستانی سکواڈ میں شامل

بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں کپتانی کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈر نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعے کو قومی سکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں کیا ہے۔
پی ایس ایل 6 میں شاندار کارکردگی دکھانے پر اوپنگ بیٹسمین شرجیل خان کو چار سال بعد ٹی20 سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ جبکہ پی ایس ایل میں اپنی تیز رفتار بولنگ سے سب کو متاثر کرنے والے شاہنواز دھانی کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمدہ بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر ارشد اقبال بھی قومی ٹی20 سکواڈ کا حصہ ہیں۔ وزیرستان کے محمد وسیم جونیئر ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کی بھی ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فخز زمان کو ون ڈے سکواڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ون ڈے اور ٹی20 کے نائب کپتان شاداب خان بھی واپس ایکشن میں نظر آئے گے۔

پی ایس ایل میں تیز رفتار بولنگ سے سب کو متاثر کرنے والے شاہنواز دھانی کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لیگ سپنر یاسر شاہ بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ’وہ ارشد اقبال، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی کو قومی اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘
’انہوں نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی محنت کا صلہ ہے۔‘
پاکستان ٹیم کا ون ڈے اور ٹی20 کے لیے تربیتی کیمپ 19 مارچ سے لاہور میں لگایا جائے گا۔
سکواڈز میں شامل کھلاڑیوں کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 16 مارچ کو ان کے اپنے شہروں میں ہو گی۔ پھر 18 مارچ کو لاہور آمد پر ان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی۔ جس کے بعد کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو لاہور میں ہی ہو گی۔
یہ تربیتی کیمپ بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا۔

تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کی ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور چار ٹی20 انٹرنیشنل میچز کے لیے قومی وائیٹ بال سکواڈ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہو گا۔
پاکستانی ٹیم وہاں سے 17 اپریل کو تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے زمباوے جائے گی۔
پاکستانی ٹیم 12 مئی کو وطن واپس پہنچے گی۔
قومی ٹی20 اور ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈز 18، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جبکہ ٹیسٹ سکواڈ میں 20 کھلاڑی شامل ہیں۔

سکواڈز:

ٹی20: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) ارشد اقبال، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شرجیل خان اور عثمان قادر۔
ون ڈے: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، دانش عزیز، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر۔
ٹیسٹ: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، عمران بٹ، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان ، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، تابش خان اور زاہد محمود۔

شیئر: