محی الدین وانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر تعینات، عماد بٹ پر عائد پابندی ختم
محی الدین وانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر تعینات، عماد بٹ پر عائد پابندی ختم
جمعہ 20 فروری 2026 11:05
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں شدید بحران کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کرنے کی منظوری دی۔
سابق صدر طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کرنے کے ساتھ وزیراعظم نے فیڈریشن میں انتخابات کرانے کی ہدایت دی تاکہ ہاکی کے معاملات کو شفاف اور منظم انداز میں چلایا جا سکے۔
دوسری جانب ایڈہاک صدر نے چارج سنبھالتے ہی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد دو سالہ پابندی ختم کر دی ہے۔
محی الدین وانی نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے میں بہت کم وقت رہ گیا ہے، اس لیے فوری طور پر کیمپ شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ صرف کھیل پر توجہ دیں اور انتظامی امور فیڈریشن سنبھالے گی۔
وانی نے مزید کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے اور فیڈریشن میں نظام کی بہتری کے لیے کام جاری رہے گا۔
ہاکی کے فروغ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے۔ تصویر: محی الدین وانی (لنکڈ ان)
یاد رہے کہ سابق پی ایچ ایف صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں ساتھی کھلاڑیوں کو دھمکانے اور فیڈریشن کے خلاف مہم چلانے کا الزام عائد کیا تھا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہاکی ٹیم کے آسٹریلیا دورے میں کئی انتظامی غلطیاں کی گئیں، جس کے باعث مالی نقصان ہوا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ٹیم کو 2 فروری کو روانہ ہونا تھا، لیکن ویزا کی درخواستوں میں تاخیر کے باعث پرواز منسوخ ہوگئی، جس کے نتیجے میں پی ایس بی کو 2 کروڑ 71 لاکھ روپے اضافی خرچ کرنا پڑا۔
اس کے علاوہ، ویزا پراسیس کی خرابی اور ٹیم کی رہائش کے انتظامات میں بھی بدنظمی دیکھنے کو ملی۔