بابر اعظم کو ایشیا کپ کے بعد ایک مخصوص رول کے لیے واپس لائے ہیں: ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ہم ایشیا کپ کے بعد بابر اعظم کو ایک مخصوص رول کے لیے واپس لائے ہیں۔
مائیک ہیسن نے جمعے کو بارش کی نذر ہونے والے پاکستان کے آخری پریکٹس سیشن کے بعد رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’میرا خیال ہے بابر بخوبی واقف ہیں کہ ورلڈ کپ کے پاور پلے میں ان کا سٹرائیک ریٹ 100 سے بھی کم ہے اور یہ واضح طور پر وہ کردار نہیں ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’بابر اعظم کو ورلڈ کپ میں سست بیٹنگ کی وجہ سے نمیبیا کے خلاف پاکستان کے آخری گروپ میچ سے باہر کر دیا گیا تھا۔‘
بابر اعظم جو چار ہزار 571 رنز کے ساتھ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کو نمیبیا کے خلاف میچ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اس میچ میں پاکستان نے 3 وکٹوں پر 199 رنز بنائے اور 102 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ پکی کی۔
مائیک ہیسن نے بابراعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے پاس بہت سے دوسرے آپشنز موجود ہیں جو آخر میں آ کر وہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بابر دراصل پہلے شخص ہیں جو اس بات کا اعتراف کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کے پاس مہارتوں کا ایک خاص مجموعہ ہے جس کی ٹیم کو ضرورت ہے اور کچھ مواقع ایسے ہوتے ہیں جہاں دوسرے کھلاڑی وہ کردار زیادہ مہارت سے ادا کر سکتے ہیں۔‘
مائیک ہیسن نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کرنے کے فیصلے کا بھی دفاع کیا جنہوں نے تین میچوں میں 101 رنز دیے تھے، جس میں انڈیا کے خلاف دو اوورز میں پڑنے والے 31 رنز بھی شامل تھے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا کہ شاہین کی جگہ سلمان مرزا آئیں گے اور انہوں نے شاندار بولنگ کی۔‘
’سچ تو یہ ہے کہ وہ شاید کافی بدقسمت رہے کہ انہیں دوسرا اور تیسرا میچ کھیلنے کو نہیں ملا۔‘
ہیڈ کوچ نے سنیچر کے میچ سے متعلق کہا کہ ’نیوزی لینڈ نے حالیہ عرصے میں برصغیر میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔ اس لیے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔‘
پاکستانی ٹیم اب سنیچر کو کولمبو میں دوسرے مرحلے کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔
