Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تستر تجاری‘ کی خلاف ورزی پر فخر کرنے والے دو غیرملکی گرفتار

وڈیو وائرل ہے جس میں غیر ملکی رقم کی نمائش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں حائل پولیس نے تجارتی پردہ پوشی انسداد قانون ’تستر تجاری‘ کی خلاف ورزی پر فخر کرنے والے دو غیرملکیوں کو گرفتارکیا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پولیس ترجمان طارق النصار نے بتایا کہ سعودی عرب میں قانون ہے کہ کوئی بھی غیرملکی کسی بھی مقامی شہری کے نام سے اپنا کاروبار نہیں کرسکتا۔
کسی بھی سعودی شہری کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ اپنے نام سے کسی غیرملکی کو کاروبار کرائے۔ سعودی کے نام  سے غیرملکی کے کاروبار کو ’تستر تجاری‘ کہا جاتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ غیرقانونی کاروبار پر مقامی شہری کی جانب سے پردہ ڈالا جاتا ہے۔ ایسا کرنے پر سعودی اور غیرملکی دونوں کے لیے سخت سزائیں مقرر ہیں۔
حائل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں  پاکستانی اور افغان شہری 21 ہزار ریال کی نمائش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ دونوں فخر سے دعوی کررہے ہیں کہ انہوں نے یہ رقم سعودی کے نام سے کاروبار کرکے کمائی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مقامی پولیس نے وزارت تجارت کے تعاون سے دونوں غیرملکیوں کو گرفتار اور ان کے قبضے سے  21 ہزار ریال برآمد کرلیے۔ 
 ترجمان کے مطابق غیر ملکیوں کے قبضے سے جو رقم برآمد ہوئی ہے وہ  ’تستر تجاری‘  (تجارتی پردہ پوشی) کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔
دونوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ قانونی کارروائی کے لیے دونوں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے۔

شیئر: