Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈیسن گروپ کا سعودی عرب میں 5 نئے ہوٹل تعمیر کرنے کا اعلان

ریڈیسن نے سعودی عرب اور امارات کے لیے کل آٹھ نئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: ریڈیسن گروپ ویب سائٹ)
ہوٹل انڈسٹری کے کووڈ 19 کی وبا سے متاثر ہونے کے باوجود ریڈیسن گروپ نے سعودی عرب میں رواں برس پانچ نئے ہوٹل تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ریڈیسن ہوٹل گروپ نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے کل آٹھ نئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی چین یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں پانچ ہزار ہوٹل کمروں کی توسیع کرنے جا رہی ہے۔  
عرب نیوز کے مطابق ریڈیسن ہوٹل گروپ کے سینیئر نائب صدر برائے مشرق وسطیٰ اور افریقہ ٹم کارڈن کا کہنا ہے کہ ’مشرق وسطیٰ اور افریقہ ہمارے منصوبے کے دو اہم علاقے رہیں گے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب ریڈیسن کے لیے ایک خصوصی مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور مشرق وسطیٰ کے لیے گروپ کی آدھی سرمایہ کاری اور آپریشنز سعودی عرب میں جاری ہیں۔‘

 

ٹم کارڈن کے مطابق ’ہم اس وقت سعودی عرب میں 3500 سے زائد کمروں پر مشتمل 20 سے زائد ہوٹلز، ریزورٹس اور اپارٹمنٹس چلا رہے ہیں اور 2025 تک اس تعداد کو دو گنا کیا جا رہا ہے۔‘
ریڈیسن گروپ نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب ہوٹلوں کی صنعت، صحت کے عالمی بحران سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے جسے کورونا وائرس کی وجہ سے 2020 میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم ہوٹل انڈسٹری کے حوالے سے دنیا بھر کا ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے ایس ٹی آر کے ابتدائی اعداد و شمار مشرق وسطیٰ میں ہوٹل انڈسٹری کی بحالی سے متعلق مثبت آثار ظاہر کرتے ہیں۔
الخوبر، دمام اور جدہ کے ہوٹلوں میں نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے جنوری میں ہوٹلوں کی بکنگ میں بہتری دیکھنے میں آئی۔
جدہ کے ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کا تناسب 62 فیصد جبکہ الخوبر اور دمام کے ہوٹلز میں 72 فیصد رہا۔  
خطے میں ہوٹل انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے یہ مثبت پیش رفت بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ویکسینیشن مہم کی وجہ سے دیکھنے میں آئی ہے۔
یاد رہے کہ خلیجی ممالک کا شمار دنیا کے ان اولین ممالک میں ہوتا ہے جہاں کورونا کی وبا سے نمٹنے اور معمولات زندگی کی بحالی کے لیے سب سے پہلے ویکیسنیشن مہم شروع کی گئی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں