Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ویکسین لگوائیں یا ہر ہفتے 150 درہم ادا کریں‘

ایمریٹس نے یہ پابندی ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کورونا ویکسین لگوا لیں یا ہر ہفتے ڈیڑھ سو درہم ادا کریں۔
ایمریٹس نے یہ پابندی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے موثر اور محفوظ ترین وسیلے ’ویکسین‘ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق امارات ایئر نے بیان میں کہا ہے کہ جن کارکنان نے اب تک کورونا ویکسین نہیں لی ہے انہیں یکم اپریل 2021 سے اپنے خرچ پر ہر ہفتے پی سی آر (کووڈ ٹیسٹ) کرانا ہوگا۔ 
امارات ایئر کے پانچ ہزار کارکنان اب تک کورونا ویکسین لے چکے ہیں۔ ان میں پائلٹ، ایئرہوسٹس اور دیگر فضائی عملہ شامل ہے۔ علاوہ ازیں الامارات گروپ کے کارکنان بھی ہزاروں کی تعداد میں ویکسین لگوا چکے ہیں۔  
گروپ نے ویکسین کی سہولت کلینکس میں مہیا کررکھی ہے جبکہ ویکسین سینٹرز میں بھی یہ سہولت مہیا ہے۔
امارات ایئر نے کورونا وبا شروع ہوتے ہی اپنے عملے اور پروازوں سے سفر کرنے والوں کی سلامتی کو سب سے اوپر رکھا ہوا ہے۔   
یاد رہے  کہ دبئی میں کورونا ٹیسٹ کی فیس 150 درہم کے لگ بھگ ہے۔ اس فیس میں لیباریٹری ٹیسٹ، رزلٹ رپورٹ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔ 

شیئر: