Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج عودہ نکلوا کر سفر نہ کریں تو کیا مشکلات پیش آسکتی ہیں؟

اقامہ کی انتہائی مدت تک کےلیے خروج وعودہ حاصل کرنا ممکن ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ ’خروج وعودہ نکلوانے کے بعد سفر نہیں کرسکا اب اس کی مدت ختم ہو چکی ہے اب جبکہ میں تنازل چاہتا ہوں تو معاملہ رد کردیا گیا اعتراض یہ تھا کہ خروج وعودہ لگا ہوا ہے؟‘
 جوازات کے ذرائع نے اس بارے  میں بتایا کہ خروج وعودہ کے اجرا کے بعد مقررہ مدت کے دوران سفر کرنا لازمی ہے بصورت دیگر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے، جرمانے کی ادائیگی کے بعد تنازل و دیگر معاملات انجام دیے جاسکتے ہیں بشرطیکہ اقامہ کارآمد ہو۔ 
واضح رہے محکمہ پاسپورٹ کے قوانین کے مطابق خروج وعودہ ویزہ حاصل کرنے کے بعد مقررہ مدت کے دوران سفر کرنا لازمی ہے۔ جرمانے سے بچنے کے لیے سفر نہ کرنے کی صورت میں اسے کینسل کرانا پڑتا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد سسٹم میں فائل کو اوپن ہوتی ہے تاہم اس کےلیے شرط ہے کہ اقامہ کارآمد ہو اگر اقامہ کی مدت ختم ہو چکی ہوتی ہے تو اس صورت میں اقامہ کی تجدید میں تاخیر پرپانچ سو ریال جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔ 
جوازات کے ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک شخص نے پوچھا ہے کہ اقامہ ختم ہونے میں چار ماہ اور 23 دن باقی ہونے کی صورت میں خروج وعودہ کتنے ماہ کا نکل سکتا ہے؟ 
 جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ اقامہ کی انتہائی مدت تک کےلیے خروج وعودہ ویزا حاصل کرنا ممکن ہے۔ 
خیال رہے خروج وعودہ ویزا کے اجرا کے دو طریقے ہیں اگر اقامہ کی مدت چھ ماہ سے زائد ہے اس صورت میں خروج وعودہ مہینے کے حساب سے جاری کیاجاتا ہے۔

خروج وعودہ ویزا استعمال نہ کرنے پر فیس واپس نہیں ہوتی(فوٹو عاجل)

اگر مدت چھ ماہ سے کم ہے اس صورت میں خروج وعودہ دنوں کے حساب سے جاری کیا جاتا ہے۔  
دنوں کے حساب سے جاری کیے جانے والے خروج وعودہ کی مدت کا حساب اسی دن سے ہو گا جب ویزا جاری کیا گیا ہوجبکہ پہلی صورت میں ویزے کی مدت کا تعین سفر کرنے کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔ 
خروج وعودہ ویزے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ایگزٹ ری انٹری ویزا حاصل کیا مگر اسے استعمال نہیں کیا بلکہ وقت مقررہ کے اندر سفر نہ کرنے کی صورت میں ویزے کو کینسل کرادیا گیا اس صورت میں خروج وعودہ کی مد میں جمع کرائی گئی فیس دوبارہ کام آسکتی ہے؟ 
جوازات کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ ویزا جاری کرانے کے بعد اسے استعمال نہ کرنے پر فیس واپس نہیں ہوتی اور نہ ہی اس فیس کو دوسری باراستعمال کرنا ممکن ہوتا ہے۔ 

شیئر: