’ویکسین لگوانے کے لیے کورونا ٹیسٹ کرانا ضروری نہیں‘
اگر بخار ہو تو ویکسین لگوانے کی تاریخ کو آگے بڑھانا ممکن ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’شہری اور مملکت میں رہنے والے غیر ملکی ویکسین لگوانے میں تاخیر نہ کریں۔‘
مملکت کے تمام ریجنز اور کمشنریوں میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز موجود ہیں جبکہ سعودی عرب میں فراہم کی جانے والی تمام ویکسینز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
وزارت نے لوگوں سے کہا ہے کہ ’جلد ازجلد کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے لیے صحتی ایپ پر خود کو رجسٹر کرائیں۔‘
ویب نیوز سبق اور عاجل کے مطابق وزارت صحت نے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’ویکسین لگوانے کے لیے کورونا ٹیسٹ کرانا ضروری نہیں۔‘
وزارت صحت کے ٹوئٹر پر استفسار پر مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کسی کو بخار ہو یا اس کا جسمانی درجہ حرارت 38.5 یا اس سے زائد ہو تو اس صورت میں ویکسین لگوانے کی تاریخ کو آگے بڑھانا ممکن ہے جس کی سہولت بھی صحتی ایپ پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اور غیر ملکیوں کو مفت کورونا ویکسین لگانے کے لیے مملکت کے تمام ریجنز میں خصوصی ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں اعلٰی تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔
ویکسینیشن کے لیے ’صحتی‘ ایپ پر خود کو رجسٹر کرانے کے بعد مقررہ دن اور وقت پر سینٹر پہنچ کر ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’اب تک مملکت کے مختلف شہروں میں 27 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔‘