Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدارا ویکسین لگوا لیں‘، وزیر صحت کی پھر اپیل 

کورونا کے ایکٹیو اور نازک کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔( فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ ’خدارا ویکسین لگوا  لیں‘۔ 
وزیر صحت نے اس اپیل کے ساتھ ایک درد ناک واقعہ کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر صحت نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر بتایا کہ میرے علم میں ایک درد انگیز قصہ آیا ہے۔ کچھ عرصے قبل ایک شخص کے والد کو، کووڈ 19 وائرس ویکسین کی تاریخ مل گئی تھی لیکن انہوں نے افواہوں میں آکر ویکسین نہیں لگوائی۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے اور جان کی بازی ہا ر گئے۔ 
وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ یہ قصہ سن کر میرے دل میں ایک ہی آرزو ہے کہ کاش میں ہر انسان کو  قائل کرسکوں کہ ویکسین اسے بچا سکتی ہے۔
اپنی استطاعت بھر یہ کوشش کررہا ہوں۔ ہر فرد سے میری دلی درخواست ہے کہ ’ایک قدم بڑھیں ویکسین لگوا لیں‘۔ 
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں کمی کے باوجود ایکٹیو اور نازک کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
وزارت صحت روزانہ کی بنیاد پر تمام ذرائع ابلاغ کی مدد سے اپیل کررہی ہے کہ ویکسین لے کر وبا سے تحفظ حاصل کریں۔ یہ متعدی امراض سے چھٹکارا حاصل کرنے کا موثر اور محفوظ ترین ذریعہ ہے۔ 
مملکت بھر میں اب تک 27 لاکھ 43 ہزار 101 مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکی کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 71 ہزار سے زیادہ سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں نے ویکسین لگوائی ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے کورونا ویکسین کا پہلا مرحلہ 17 دسمبر 2020 کو شروع کیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز  18 فروری 2021 کو کیا گیا ہے۔ 500 سے زیادہ سینٹر ویکسینیں فراہم کررہے ہیں۔  

 

شیئر: