Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، حکام سے ملاقاتیں کریں گے

وزیراعظم معین عبدالمالک کے ہمراہ یمن کے وزیر خزانہ سالم بن بریک بھی سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یمن کے وزیراعظم معین عبدالمالک سعید سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی صبا نیوز کے مطابق وزیراعظم معین عبدالمالک اتوار کو ریاض پہنچے جہاں وہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے تعاون کے منصوبوں اور ریاض معاہدے پر بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم معین عبدالمالک کے ہمراہ یمن کے وزیر خزانہ سالم بن بریک بھی سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں جہاں سعودی حکام کے ساتھ اپنی حکومت کے لیے معاشی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔
معاشی تعاون کے ذریعے یمن کی حکومت شہریوں کو بنیادی خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے علاوہ کرنسی کی گراوٹ کو قابو میں کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیراعظم معین عبدالمالک یمن کے صدر عبدریہ منصور ہادی کو ملک میں جاری کئی منصوبوں کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور ریاض معاہدے کے ان نکات پر بریفنگ دیں گے جن پر عملدرآمد کر لیا گیا ہے۔
یمن کے وزیراعظم شہریوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کی صورتحال اور حکومت کو درپیش مشکلات پر بھی بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیراعظم معین عبدالمالک نے کہا تھا کہ ان کی حکومت کے اہداف میں محکمہ جاتی کرپشن کا خاتمہ اور افراط زر پر قابو پانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یمن کی نئی حکومت معیشت کی بحالی، ریال کی گرتی قدر کو روکنے، شہریوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے اور محکموں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

شیئر: