Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کمپنی ’سپوتنک فائیو‘ ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں تیار کرے گی

سپوتنک فائیو ویکسین اس وقت 54 ممالک میں رجسٹر ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس نے انڈین فارماسوٹیکل کمپنی سے ایک سال میں سپوتنک فائیو ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں تیار کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رشین ڈائریکٹ انویسمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس نے ورچو گروپ کے ساتھ انڈیا میں ہر سال دو خوراکوں پر مشتمل ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں تیار کرنے کے لیے شراکت داری کر لی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ورچو بائیوٹیک رواں سال کی پہلی ششماہی میں ویکسین کی کمرشل پیداوار کا آغاز کرے گا۔‘
اس حوالے سے آر ڈی آئی ایف کے سی ای او کیرل دمتریو کا کہنا ہے کہ ’یہ  معاہدہ انڈیا میں دو خوراکوں پر مشتمل سپوتنک فائیو ویکسین کی وسیع پیمانے پر مقامی پیداوار کے لیے اور دنیا بھر کے شراکت داروں کو فراہمی کے لے ایک اہم قدم ہے۔
ایک اور بیان میں آر ڈی آئی ایف نے کہا کہ ’گذشتہ ہفتے میں اس نے دو اور انڈین مینوفیکچرز سٹیلس بائیوفارما اور گلینڈ فارما سے پیداوار کے معاہدے کیے ہیں۔‘
آر ڈی آئی ایف کے مطابق دونوں کمپنیاں ہر سال 30 کروڑ لوگوں کے لیے کافی مقدار میں خوراکیں تیار کریں گی۔
روسی ادارے نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ان کے پاس 10 ممالک میں 70 کروڑ سے زائد افراد کے لیے سپوتنک فائیو ویکسین تیار کرنے کی اہلیت ہے۔‘
روس کی کورونا ویکسین کا نام سپوتنک فائیو سویت دور کی ایک سیٹلائٹ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ ویکسین اس وقت 54 ممالک میں رجسٹر ہے۔
ماسکو نے گذشتہ سال اگست میں کلینکل ٹرائلز سے قبل ہی یہ ویکسین رجسٹر کر لی تھی لیکن معروف میڈیکل جرنل دی لینسٹ نے بعد میں بتایا کہ یہ 90 فیصد سے زیادہ موثر ہے۔
تاہم کچھ مغربی ممالک سپتونک فائیو ویکسین سے اس وجہ سے محتاط ہے کہ ان کو خدشہ ہے کہ کریملن اسے اپنے مفادات حاصل کرنے کے لیے سافٹ پاور کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

شیئر: