Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا معاہدہ

سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 542 ہو گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
روسی انویسٹمنٹ فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل کیرل دیمترت نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور روس نے کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز سے متعلق اصولی معاہدہ کیا ہے۔ امارات سے بھی اس حوالے سے بات طے پاگئی ہے۔  
الشرق الاوسط کے مطابق روسی انویسٹمنٹ فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ روسی ماہرین سعودی عرب کی ادویہ ساز کمپنی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ کلینکل ٹرائلز کے پہلے اور دوسرے مرحلوں کے تجربات کے حوالے سے معلومات شیئر کی ہیں۔  
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سعودی عرب ویکسین کو ڈیویلپ کرنے میں روس کا مضبوط سٹریٹجک شریک بن جائے گا۔ 
یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے گذشتہ ہفتے پوری دنیا کو اپنے یہاں کورونا ویکسین کے اندراج کی خوشخبری سنائی تھی۔ 
دریں اثنا سعودی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ھانی بن عبدالعزیز جوخدار نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین حاصل کرنے والے پہلے ملکوں میں سعودی عرب کا نام شامل ہوگا۔
سعودی عرب نئے کورونا وائرس کے انسداد میں معاون ہر وسیلے سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ سعودی عرب کورونا ویکسین کے بین الاقوامی اتحاد کا بانی ملک ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ملک محفوظ و معتبر اور موثر کورونا ویکسین تیار کرے گا سعودی عرب اسے سب سے پہلے حاصل کرنے والے ملکوں میں سے ایک ہوگا۔ 

کئی ویکسینز تجربات کے تیسرے مرحلے میں  ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی کئی ویکسینز تجربات کے تیسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ ان ساری ویکسینز کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 1227 نئے مصدقہ کیسز ریکارڈ پر آئے۔ اس طرح مملکت بھر میں متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 542 تک پہنچ گئی ہے۔ 

شیئر: