Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشاعر مقدسہ ٹرین اب سعودی ریلوے کمپنی’ سار‘ چلائے گی

سعودی کمپنی پانچ برس تک تمام امور کی ذمہ دار ہوگی۔(فوٹو عرب نیوز) 
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن نے مشاعر مقدسہ ٹرین چلانے کا پانچ سالہ ٹھیکہ سعودی ریلوے کمپنی ’سار‘ کو دیا ہے۔
آئندہ پانچ برس کے دوران سار کمپنی ہی منی، مزدلفہ اور عرفات کے درمیان چلنے والی ٹرین کی اصلاح و مرمت، دیکھ بھال اور آپریشن کے انتظامات کرے گی۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ رائل کمیشن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ حال ہی میں سعودی کابینہ نے ’سار‘ کمپنی کے حوالے سے جو فیصلہ کیا تھا اسی کے تناظر میں اسے مشاعر مقدسہ ٹرین چلانے، اصلاح و مرمت اور دیکھ بھال کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔
رائل کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ مشترکہ سینٹر مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں ٹرانسپورٹ کی تمام سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کرے گا۔ 
 معاہدے کے بموجب سعودی کمپنی پانچ برس تک مشاعر مقدسہ ٹرین کے تمام امور کی ذمہ دار ہوگی۔ 
رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبدالرحمن عداس نے کہا کہ یہ ٹھیکہ ایوان شاہی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرناہے۔ 

شیئر: