Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوجی پریڈ: جڑواں شہروں کی ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا پلان جاری

سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری پلان میں نقشے کی مدد سے متبادل راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے (فوٹو: ٹریفک پولیس راولپنڈی)
پچیس مارچ کو اسلام آباد میں یوم پاکستان کے سلسلے میں ہونے والی پریڈ کے باعث کچھ راستے بند رہیں گے جس کے لیے راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا پلان جاری کیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری پلان کے اعلامیے میں نقشے کی مدد سے راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بدھ کی رات 12 سے جمعرات کو دن دو بجے تک مکمل طور پر بند رہے گا اور ڈائیورشن پلان کا اطلاق بھی رات 12 بجے س دن دو بجے تک ہو گا۔

ممنوعہ علاقے

پلان میں کچھ علاقوں کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے جن میں ڈبل روڈ ٹرن مری روڈ تا فیض آباد کا علاقہ ٹریفک کے لیے بند ہو گا۔
نائنتھ ایونیو چوک سے راولپنڈی کی طرف داخلہ ممنوع ہو گا۔
مین ایکسپریس وے کھنہ پل سے کر فیض آباد تک بند رہے گی۔

متبادل راستے

پہلے مرحلے میں راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو سکستھ روڈ آغاز فلائی اوور، سکستھ روڈ چوک سے ڈائیورٹ کر کے براستہ سکستھ روڈ سیدپور سے اسلام آباد بھجوایا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں راولپنڈی مری روڈ سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک ڈبل روڈ چوک سے براستہ سٹیڈیم روڈ نائنتھ ایونیو اسلام آباد جائے گی۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)

محلہ گشن دادن سے اسلام آباد کی طرف جانے والی ٹریفک گشن دادن یوٹرن مری روڈ سے یوٹرن لے کر براستہ ڈبل روڈ، سٹیڈیم روڈ اسلام آباد جائے گی۔
نائنتھ ایونیو سے راولپنڈی داخل ہونے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ کے بجائے آئی جے پی روڈ استعمال کرتے ہوئے ناکہ کٹاریاں، پنڈوڑہ چونگی، ناکہ کیرج فیکٹری سے ہوتے ہوئے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی۔
اسی طرح کورال چوک سے اسلام آباد، ایکسپریس وے پر آنے والی ٹریفک کھنہ پل سے ہوتے ہوئے چونگی نمبر آٹھ، بند کھنہ روڈ، صادق آباد، براستہ راول روڈ، سی بلاک مری روڈ سے ہوتے ہوئے سٹیڈیم روڈ سے نائنتھ ایونیو اسلام آباد جائے گی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری پلان میں اس کا بات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ 25 مارچ کو راولپنڈی، اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی۔
علاوہ ازیں راولپنڈی پولیس کنٹرول کا نمبر بھی دیا گیا ہے جس پر ایمرجنسی میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: