Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفیظ شیخ کو ہٹانے کا فیصلہ، حماد اظہر نئے وزیر خزانہ ہوں گے

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے حماد اظہر کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے حفیظ شیخ کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مہنگائی کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سما سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے حماد اظہر کو وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کل تک تمام چیزیں فائنل ہوجائیں گی۔ شبلی فراز کے مطابق امید ہیں حماد اظہر کے آنے سے غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔
اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مہنگائی کے حوالے سے مطمئن نہیں تھے۔
’ان کو غریبوں کا بہت خیال رہتا ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ یہاں کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنائی جائیں۔ ایک نئی ٹیم نئے عزم کے ساتھ کام کرے گی۔‘
حفیظ شیخ کو ہٹانے کی خبر پر ردعمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘وزیر خزانہ کی برطرفی پی ڈی ایم کی فتح ہے۔ پی ٹی آئی ایم ایف کے وزیر کو وزارت پر برقرار رہنے کے لیے سینیٹر منتخب ہونا ضروری تھا اور سینیٹ میں شکست نے اس کو نا ممکن بنا دیا۔ اب حکومت تسلیم کر رہی ہے کہ اس کی ’ناکام پالیسیوں کی وجہ سے‘ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ اس حکومت کے خلاف پارلیمانی سیاست بہت زیادہ موثر ثابت ہوئی ہے۔‘

شیئر: