Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور نے ریتک روشن کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کیوں کیا؟

کرینہ کپور اور ریتک روشن کئی فلموں میں اکھٹے کام کرچکے ہیں (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کرینہ کپور کا شمار انڈسٹری کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
وہ ’مجھے کچھ کہنا ہے‘، جب وی میٹ، اوم کارا، تھری ایڈیٹس سمیت کئی دوسری کامیاب فلموں کا حصہ رہی ہیں لیکن ایک فلم ایسی ہے جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا اور وہ بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔
نیوز ویب سائٹ بالی وڈ لائف کے مطابق یہ اداکار ریتک روشن کی پہلی فلم کہو نہ پیار ہے، تھی۔
اس حوالے سے کرینہ کپور نے کئی برسوں بعد ایک انٹرویو میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ میرا فیصلہ تھا۔ سچی بات ہے کہ اس وقت نہ کسی نے حساب لگایا تھا اور نہ ہی کسی کو حقیقت میں معلوم تھا۔ چاہے یہ میرے والدین ہوں، میری ماں ہوں یا میں ہوں۔‘
’میرا نہیں خیال کسی نے اس کے نتائج کا اندازہ لگایا ہوگا، میں نے وہ ہی کیا تھا جو میں نے درست سمجھا تھا۔‘
’میں تقدیر ہر یقین رکھتی ہوں جو ہونا ہوتا ہے ہو کر رہتا ہے۔‘
معروف اداکارہ نے کہا کہ ’یقیناً اس کے بعد میں نے ریتک کے ساتھ بہت ساری فلمیں کیں۔ ہم نے کوئی چار یا پانچ فلموں میں اکٹھے کام کیا۔‘
کرینہ کپور نے اپنی پہلی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرا خیال ہے کہ ریفیوجی بالکل ٹھیک تھی۔ مجھے قدرے نان کمرشل فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ اس وقت میرے لیے یہ مناسب تھا۔‘

کرینہ کپور کی جگہ اداکارہ امیشا پٹیل نے کہو نہ پیار ہے میں اپنا ڈیبیو کیا تھا (فوٹو: آؤٹ لک انڈیا)

لیکن بات اس سے زیادہ ہی لگتی ہے۔ ہدایت کار راکیش روشن نے نیوز ویب سائٹ دی کوونٹ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’ان کے اور کرینہ کپور کی والدہ اداکارہ ببیتا کے درمیان اختلافات تھے۔‘
راکیش روشن کے مطابق ’یوں لگتا تھا جیسے وہ مداخلت کر رہی تھیں۔‘ انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’کرینہ کی والدہ ببیتا، جن کی میں بہت عزت کرتا ہوں، نے کہا کہ گانے سے آغاز نہ کرو، وہ تیار نہیں ہے، مکالموں سے آغاز کرو۔‘
راکیش روش نے مزید کہا کہ ’اس حوالے سے ببیتا نے کوئی لچک نہیں دکھائی تو میں نے کہا کہ اس طریقے سے میں کام نہیں کر سکتا کیونکہ کل کو آپ کہہ سکتی ہیں، یہ نہ کرو، وہ نہ کرو۔‘
’میرے خیال میں یہ بہتر تھا کہ ہم نے اکٹھے کام نہیں کیا کیونکہ ہم اچھے دوست ہیں، اس لیے ہم الگ ہو گئے۔‘
خیال رہے کہ کرینہ کپور کی جگہ اداکارہ امیشا پٹیل نے اس فلم سے اپنا ڈیبیو کیا تھا اور کہو نہ پیار ہے اس وقت بہت کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی اور اس نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

شیئر: