Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ، جنگلوں اور حیرتوں کا سعودی شہر

الباحہ سیاحوں کے لیے پرکشش ترین علاقہ سمجھا جاتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب اپنے پرکشش سیاحتی مقامات کی وجہ سے ممتاز حیثیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، اس کی بدولت اس کے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، اسی طرح اس کا سیاحتی ممالک کی فہرست میں بھی نام نمایاں ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے حال ہی میں بین الاقوامی سطح پر بہترین سیاحتی ملکوں میں چھٹا نمبر حاصل کیا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں یہ کورونا وائرس کے دوران سیاحت اور سفرکے لیے پہلے نمبر  پررہا۔
سعودی عرب کے جنوب میں واقع شہر الباحہ کا شمار بہترین سیاحتی شہروں میں ہوتا ہے۔ یہ انتہائی خوبصورت اور سیاحوں کے لیے پرکشش علاقہ ہے۔

ایک حیرت انگیز سیاحتی مقام

’اكتشف الباحة‘ ویب سائٹ کے بانی ہانی رجب  کے مطابق ’الباحہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک بہترین مقام ہے کیونکہ یہ قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔‘
الباحہ ملک کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ اس  کے گرد بڑے شہروں میں شمال میں طائف، مشرق میں بیشہ، جنوب میں ابہا اور مغرب میں قنفذہ ہے۔ اس کا کل رقبہ تقریباً 36000 کلومیٹر ہے۔
یہ سطح سمند ر سے 2250 میٹر بلند ہے، اس لیے یہاں کا موسم کافی معتدل ہوتا ہے۔

الباحہ سطح سمند ر سے 2250 میٹر بلند ہے (فوٹو: العربیہ)

الباحہ کے تاریخی مقامات

الباحہ میں مشہور تاریخی مقامات ہیں جو باسیوں کو ان کے آباؤاجداد کی یاد دلاتے ہیں۔ ایسی جگہوں کو متعدد نام اور القابات دیے گئے ہیں۔ جیسے’مشرق کا سوئزرلینڈ‘ اور حجاز سٹی  وغیرہ، سیاحوں کا اس پر اتفاق ہے کہ سعودی عرب میں اس سے خوبصورت مقامات کہیں اور نہیں ہیں۔
ہانی رجب کے مطابق ’الباحہ کی سیر کے دوران کئی قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔ یہاں آبشاریں، وادیاں اور پہاڑٖوں کے درمیان خوبصورت گھاٹیاں ہیں۔‘
اسی طرح یہاں تاریخی ورثے کے اعتبار سے عجائب گھر بھی موجود ہیں، جہاں قدیم تاریخی اور ثقافتی چیزیں رکھی گئی ہیں۔

اس علاقے میں کئی مشہور تاریخی مقامات بھی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

الباحہ میں سیاحتی مقامات

ہانی رجب کہتے ہیں کہ ’اس کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جو لوگوں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کرے۔‘
انہوں میں الباحہ ان مقامات  کی سیر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

الباحہ کے عجائب گھر

یہاں کے عجائب گھروں میں یہ نام شامل ہیں۔
الاطاولہ آثار قدیمہ ولیج میوزیم، الحزم میں الباحہ کاعلاقائی میوزیم، لاطاولہ میں الشاملانی میوزیم، بلجرشی میں محمد بن مصباح میوزیم اور الدیر میوزیم جہاں دستکاری کی چیزیں رکھی گئی ہیں۔

تاریخی بن رقوش تاریخی محل بھی الباحہ میں واقع ہے (فوٹو: سیدتی)

الباحہ کے تاریخی گاؤں

یہاں کے بہت سارے گاؤں دیکھنے کے قابل ہیں جن میں یہ دیہات شامل ہیں۔
ذی عین کا آثار قدیمہ گاؤں، العبادل کا تاریخی گاؤں اورملد گاؤں اور اس کا سب سے مشہور گاؤں جڑواں بچوں کا قلعہ ہے۔

الباحہ کے جنگلات

الباحہ کے جنگلات کی خصوصیت یہ ہے یہاں 90 سے زائد جنگلات ہیں، اور ان میں سب سے مشہور راگھان جنگل ہے، جو پورے موسم گرما میں معتدل آب و ہوا کے علاوہ درختوں اور ہرے رنگ کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔

بن رقوش تاریخی محل

یہ محل ایک تعمیراتی شاہکار ہے اور یہی وجہ ہے کہ سعودی سیاحت اتھارٹی اس کو معاشی، سیاحتی اور ثقافتی طور پر استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ اس کا خطے میں ایک نمایاں مقام بنے اور یہاں آنے والوں کے لیے اس میں مزید کشش پیدا ہو، اسی طرح یہاں سال بھر میں تاریخی ورثے کے حوالے سے تقاریب ہوتی  رہتی ہیں۔

یہاں نوے سے زائد جنگلات ہیں جہاں موسم گرما میں بھی آب و ہوا معتدل رہتی ہے (فوٹو: سیدتی)

قدیم بلجرشی

بلجرشی الباحہ میں سب سے بڑے گورنریٹ میں سے ایک ہے اور اس میں ہفتہ بازار سمیت بیشتر سرکاری محکمے، سیاحت کی مصنوعات اور مقبول بازار شامل ہیں۔
یہ ایک تاریخی مقام ہے جس کی تاریخ سو سال سے زیادہ پرانی ہے۔ اس خطے کے مختلف  علاقوں کے لوگ یہاں سبزیوں، پھلوں، شہد، گھی، پرانے برتنوں اور کئی دوسری اشیا کی نمائش کے لیے آتے ہیں۔
 

شیئر: