Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کی آمد ورفت کے لیے انتظامات

بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ نے بتایا ہے کہ 80 سٹی بسیں زائرین کے لیے مخصوص ہوں گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ نے رمضان کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ نے وزارت حج و عمرہ کے ساتھ تعاون سے عمرہ زائرین اور نمازیوں کو رمضان میں حرم مکی لانے لے جانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ 
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کی خدمت پر مامور تمام اہلکار کورونا ویکسین لگوائیں گے۔  
سعودی حکومت نے پابندی لگائی ہے کہ یکم رمضان سے مقدس شہروں میں زائرین کی خدمت پر مامور تمام اہلکاروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ویکسین  لگوا چکے ہوں۔ ایسا نہ کرنے پر انہیں ہر سات دن میں پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ 
عمرہ زائرین اور نمازیوں کو حرم مکی لانے لے جانے والے تمام ڈرائیورز، تکنیکی عملہ اور مختلف خدمات فراہم کرنے والے اس کی پابندی کریں گے۔ 
بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ نے بتایا ہے کہ 80 سٹی بسیں زائرین کے لیے مخصوص ہوں گی۔ یہ  2016 کے ماڈل یا اس کے بعد کے ماڈل والی بسیں ہوں گی۔ ہر بس کے پاس رمضان میں سروس فراہم کرنے والا اجازت نامہ ہونا ضروری ہوگا۔ ہر بس پر دو ڈرائیور ہوں گے۔
جنرل سنڈیکیٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس 24 گھنٹے مہیا ہوگی۔ سارے عملے کو حفاظتی ماسک، سینیٹائزنگ اور سماجی فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔ عملے پر وردی کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔
بسوں پر ایک پابندی یہ لگائی گئی ہے کہ وہ ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے منتظمین کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کریں گی جس کے تحت وہ ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے رہائشیوں کو حرم مکی لائیں یا لے جائیں۔ 
رمضان کے دوران تمام عمرہ زائرین اور نمازیوں کو استقبالیہ مراکز سے لانے لے جانے کا انتظام ہوگا۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی قابل  قبول نہیں ہوگی۔ زائرین کو سوار کرنے اور اتارنے والے مقامات متعین ہوں گے۔ خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہوگی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: