Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت سے باہر تارکین کے نئے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ ممکن ہے؟

نقل معلومات کے لیے پاسپورٹ ہولڈر کا مملکت میں ہونا ضروری ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ایک شخص نے پوچھا ہے کہ ’ کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں بند ہونے سے چھٹی سے واپس نہیں آ سکا اس دوران پاسپورٹ ایکسپائر ہو گیا، نیا پاسپورٹ بنا لیا ہے جوازت کے سسٹم میں’نقل معلومات‘ ابشر کے ذریعے کیا جا سکتا ہے؟ 
 جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’پاسپورٹ کی نقل معلومات مملکت سے باہر گئے ہوئے افراد کی ممکن نہیں، نقل معلومات کے لیے پاسپورٹ ہولڈر کا مملکت میں ہونا ضروری ہے‘۔ 
یاد رہے سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے سسٹم میں تمام غیر ملکیوں کا مکمل ڈیٹا فیڈ ہوتا ہے جس میں ان کے پاسپورٹ کی مکمل معلومات اور دیگر تفصیلات ہوتی ہیں۔ 
پاسپورٹ ایکسپائر ہونے پر نیا بنانے کے بعد اس کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنا لازمی ہیں۔ پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے عمل کوعربی میں ’نقل معلومات جواز‘ کہا جاتا ہے۔ 
نقل معلومات کے لیے ابشر اور مقیم پورٹل پرسہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا سسٹم میں اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں روایتی طریقے سے بھی جوازات کے دفتر جا کر نئے پاسپورٹ کی معلومات فیڈ کرنا ممکن ہے۔ 
 ایک شخص کا سوال ہے کہ ’ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے جبکہ دوسری خوراک میں دو ماہ باقی ہیں کیا اس دوران میں چھٹی پر پاکستان جا سکتا ہوں؟ 
مملکت میں حکومت کی جانب سے شہریوں اورغیر ملکیوں کو مفت کورونا ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

تاحال سفر کےلیے لازمی ویکسین کی شرط عائد نہیں ہے(فوٹو: ٹوئٹر)

ویکسین لگانے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ایپ ’صحتی‘ پر وقت حاصل کرنا پڑتا ہے جس کے بعد مقررہ دن اور وقت پر سینٹر جا کر ویکسین لگائی جاتی ہے۔ 
سعودی عرب میں جو ویکسین فراہم کی جا رہی ہے اس کی دو خوراکیں ہیں جن کے درمیان تقریبا چھ ہفتے کا وقفہ ہوتا ہے۔ ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے بعد ہی اس کے فوائد سامنے آتے ہیں اس لیے لازمی ہے کہ دوسری خوراک لینے کے بعد سفر کیا جائے۔ 
تاحال سفر کے لیے لازمی ویکسین کی شرط عائد نہیں لیکن بہتر ہے کہ مقررہ وقت پر ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کی جائیں تاکہ کورس مکمل کیا جا سکے۔ 
 ایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ پروازیں کب بحال ہو رہی ہیں؟ 
جوازات کی جانب سے بتایا گیا کہ جیسے ہی سرکاری سطح پر پروازوں کی بحالی کے بارے میں احکامات جاری ہوں گے اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ 
واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سمیت 20 ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد ان ممالک سے آنے والوں پرعارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 

شیئر: