Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 23 غیرملکی گرفتار‘

ڈیڑھ ارب ریال سے زیادہ ضبط اور 19 کلو گرام سونا بھی برآمد ہوا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سیکیورٹی اداروں نے 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران منی لانڈرنگ میں ملوث 32 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جو غیر قانونی طریقے سے رقمیں بیرون ملک بھیج رہے تھے۔
ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں میں 9 شہری اور مختلف ممالک کے 23 غیرملکی پکڑے گئے۔ 
اخبار 24 کے مطابق پبلک پراسیکیوشن، امن عامہ اور متعدد سرکاری اداروں کے  اہلکار منی لانڈرنگ کے جرائم کے انسداد کی کارروائی کررہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا  کہ متعدد گروہ منصوبہ بند طریقے سے ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔
پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردی۔ بعض ملزمان کے خلاف عدالت نے فیصلے بھی دیے۔ 28 ملزمان کو مجموعی طور پر 206 برس کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد پر جرمانے بھی کیے گئے ہیں اور ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم ضبط کرلی گئی۔
پبلک پراسیکیوشن اور امن عامہ نے بیانات میں بتایا کہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے قبضے سے ڈیڑھ ارب ریال سے زیادہ ضبط کیے گئے اور 19 کلو گرام سونا بھی برآمد ہوا۔ 
پبلک پراسیکیوشن اور امن عامہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے رقمیں باہر بھیجنے والے فرضی تجارتی اداروں کے اکاؤنٹ استعمال کررہے تھے۔
علاوہ ازیں کئی حقیقی اداروں کے بینک اکاؤنٹ سے بھی فائدہ اٹھایا جارہا تھا۔ مقامی شہری ترسیل زر کرنے والوں کو اپنے اکاؤنٹ استعمال کرا رہے تھے اور ان سے کمیشن وصول کررہے تھے۔

شیئر: