’میں برتن دھونے لگا تھا پھر پاکستان کی درخواست پر رُک گیا‘، دنیا بھر میں پاکستان کا نیا ٹرینڈ
جمعرات 7 مئی 2026 16:16
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی متعدد پوسٹس میں پاکستان کا ذکر کر چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’پاکستان کی درخواست پر‘ یہ جملہ آپ نے حالیہ دنوں میں خبروں، ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس میں ضرور سُنا اور دیکھا ہوگا۔
ابتدا میں یہ الفاظ ایک سنجیدہ سفارتی تناظر میں سامنے آئے، مگر اب یہی جملہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا کا وائرل ٹرینڈ بن چکا ہے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی اور پھر جنگی صورت حال کے دوران پاکستان کا سفارتی کردار مسلسل خبروں میں رہا۔
جنگ کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں کے بیانات، رابطوں اور پس پردہ سفارت کاری پر بحث ہوتی رہی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متعدد پوسٹس اور بیانات میں بھی پاکستان کا ذکر نمایاں طور پر سامنے آیا۔
خاص طور پر جنگ بندی اور ایران سے متعلق معاملات پر صدر ٹرمپ کی کئی پوسٹس میں یہ الفاظ دیکھنے کو ملے کہ ’پاکستان کی درخواست پر‘ بعض فیصلے کیے گئے یا بعض اقدامات وقتی طور پر روک دیے گئے۔
یہی جملہ بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے 'At the request of Pakistan'ایک عالمی میم ٹرینڈ میں تبدیل ہوگیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر صارفین روزمرہ زندگی کی عام باتوں کو بھی اسی جملے سے جوڑ کر طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں پوسٹ کر رہے ہیں۔

صارف سوشل میڈیا یانگ گوئی نے لکھا کہ ’پاکستان کی درخواست پر، ایک بڑی میم بن چکا ہے۔ پاکستان مستقل طور پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور یہ سوفٹ پاور دکھانے کا بہترین طریقہ ہے۔ پاکستان مئی 2025 سے ہی چھایا ہوا ہے۔‘

ڈاکٹر ایلی ڈیوڈ لکھتے ہیں کہ آج لنچ کے وقت میرا کھانے کے بعد ڈیزرٹ آرڈر کرنے کا دل نہیں تھا لیکن پاکستان کی درخواست پر میں نے کر لیا۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں برتن دھونے لگا تھا پھر پاکستان کی درخواست پر رُک گیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ جتنی مرتبہ ٹرمپ پاکستان کا نام لے چکے ہیں مجھے گھبراہٹ ہو رہی ہے، کہیں پاکستان ہی تو امریکہ کو نہیں چلا رہا؟

ڈیوڈ وانس نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹس کرنے لگا تھا پھر پاکستان کی درخواست پر رُک گیا۔

کارلوس کہتے ہیں کہ پاکستان کی درخواست پر میں آج کوکیز نہیں کھاؤں گا۔

ڈاکٹر ایلی ڈیوڈ کی ہی ایک اور پوسٹ میں لکھا گیا کہ آج میں جم میں بہت سخت ورزش کرنے لگا تھا، پھر دو سیٹس کے بعد پاکستان کی درخواست پر رُک گیا۔

ڈیوڈ کیئس نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر میں نے اپنا کام چھوڑ دیا ہے اور اب لنچ کرنے لگا ہوں۔