Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں وبا کی تیسری لہر کی شدت برقرار، پانچ دن میں 519 اموات

وبا کی تیسری لہر کے دوران بڑے شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت برقرار ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔
ملک میں کورونا کی صورتحال کو مانیٹر کرنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں 46 ہزار 66 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 50 مثبت آئے۔
مثبت کیسز کی شرح گیارہ فیصد کے لگ بھگ ہے۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 73 ہزار 875 تک پہنچ گئی ہے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ پانچ دنوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے 519 اموات ہوئیں۔
چھ اپریل کو وبا سے 103، سات اپریل کو 102، آٹھ اپریل کو 98، نو اپریل کو 105، دس اپریل کو 100 جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 114 ہلاکتیں ہوئیں۔
پاکستان میں وبا سے اموات کی کُل تعداد 15 ہزار 443 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس نے پاکستان میں اب تک کُل سات لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا جن میں سے چھ لاکھ 31 ہزار 700 صحتیاب ہوئے۔

وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات

ملک میں وبا کی تیسری لہر میں شدت کے پیش نظر کئی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ہفتے میں دو دن بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش ہے۔ 
این سی او سی کے مطابق 10 سے 25 اپریل تک بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہفتہ اتوار بند رہے گی۔ 
تاہم تجارتی سامان، میڈیکل اور دیگر ایمرجنسی سروسز کو استثنی حاصل ہو گا۔ ریلوے سروسز کو 70 فیصد سواریوں کے ساتھ ہفتے میں ساتوں دن آپریشنز کی اجازت ہو گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی سفری پابندیوں کی مدت میں 20 اپریل تک توسیع کر چکی ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)

گذشتہ جمعے کو اسلام آباد میں بھی اس پابندی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت جمعے کی رات 12 بجے تمام بس اڈے بند کر دیے جائیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ نہ دارالحکومت میں داخل ہو سکے گی اور نہ ہی باہر جا سکے گی۔
جبکہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہوا ہے جس کے تحت ان ممالک کی فہرست میں اضافہ ہو چکا ہے جہاں سے مسافروں کی آمد پر مکمل پابندی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کٹیگری سی میں 22 ممالک شامل ہیں اور ان ممالک پر سفری پابندیوں کی مدت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔
 کٹیگری سی میں جنوبی افریقہ، برازیل، زمبابوے کینیا، تنزانیہ، روانڈا، موزمبیک، چلی اور وینزویلا سمیت 22 ممالک کے مسافروں کی آمد این سی او سی کی اجازت سے مشروط کی گئی ہے۔

ویکسینیشن کا عمل 

پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین کی نجی سطح پر درآمد کی بھی اجازت دے دی ہوئی ہے۔

شیئر: