Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کی صورتحال بدتر، نوجوان اور بچوں کی بڑی تعداد متاثر

انڈیا کو آکسیجن کمی کے باعث درآمد کروانا پڑ رہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں ایک بڑی تعداد بچوں سمیت نوجوانوں کی ہے جن کے بارے میں ڈاکٹروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈاکٹروں نے کم عمر افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی کوئی حتمی وجہ تو نہیں بتائی، تاہم نوجوانوں کا زیادہ وقت گھر سے باہر گزارنا ایک سبب بتایا ہے۔
45 سال سے کم عمر کے افراد کا کورونا کی نئی قسم سے متاثر ہونے کا خدشہ پایا جا رہا ہے۔ ریاست مہاراشڑ میں کیے گئے سروے کے مطابق 60 فیصد مریضوں میں کورونا کی نئی قسم پائی گئی ہے۔
کورونا کی حالیہ لہر نے 38 سالہ راج کرن کی بھی جان لے لی جو اپنے گاؤں میں انتخابی مہم چلانے میں مصروف تھے، کہ اس دوران بیمار پڑھ گئے۔
ان کے قریبی ساتھی اجے سنگھ نے راج کرن کو ہسپتال پہنچایا تو معلوم ہوا کہ اجے خود بھی کورونا سے متاثر ہیں۔
اس صورتحال میں اجے کو خود بھی قرنطینہ ہونا پڑا اور وہ اپنے قریبی دوست کو صرف ایک آخری ویڈیو کال کے ذریعے ہی دیکھ سکے۔
انڈیا میں ایک ہفتے کے دوران دس لاکھ نئے کورونا متاثرین سامنے آئے ہیں، ہسپتالوں میں بیڈز کی کمی ہو گئی ہے اور آکسیجن کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔
رواں سال کے آغاز میں انڈین حکومت کا خیال تھا کہ وہ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی ہے، اور بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا تھا۔
اس دوران شہریوں نے سماجی فاصلہ اور دیگر پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذہبی میلوں اور انتخابی مہم سمیت سیاسی جلسوں میں شرکت کی۔
ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی ڈاکٹرز نے احتیاط برتنے کی تنبیہ بھی کرنا شروع کر دی تھی، بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد میں کورونا سے متاثر ہونے پر خدشات بھی ظاہر کیے۔

کورونا کے پھیلاؤ کے باوجود مذہبی میلے اور سیاسی جلسے کیے گئے۔ فوٹو اے ایف پی

انڈیا میں 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر افراد کی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ کورونا کے نئے مریضوں میں سے 65 فیصد کی عمر 45 سے کم ہے۔
انڈیا کی میڈیکل ریسرچ ایجنسی کے پاس کورونا کیسز کی عمر کے حساب سے تفصیلات تو موجود نہیں ہیں، تاہم بڑے شہروں میں ڈاکٹرز نے تصدیق کی ہے کہ ہسپتال آنے والے مریضوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔
ممبئی کے ہندوجا ہسپتال کے ڈاکٹر خسرو باجان کے مطابق 12 اور 15 سے کم عمر کے بچے ہسپتال میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ گزشتہ سال متاثرین میں بچےشامل نہیں تھے۔
ریاست گجرات میں ڈاکٹر امت دیوو کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے پھیپھڑے، دل اور گردے کورونا سے متاثر ہونے کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
بچوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد گجرات کے ایک ہسپتال میں بچوں کا کورونا وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
انڈیا کی دیگر ریاستوں میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے جہاں کورونا متاثرین میں نوجوانوں کے زیادہ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

شیئر: