Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کے لیے صحن مطاف کی گنجائش میں اضافہ

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین مقررہ وقت کا خیال رکھیں (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے صحن مطاف کی گنجائش بڑھانے کی ہدایت کردی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ہدایت کی ہے کہ ’صحن مطاف میں عمرہ زائرین کے لیے موجود 14 دائروں کو بڑھا کر 25 کیا جائے جن میں سے 4 دائرے معمرافراد اور ویل چیئرز والوں ک ےلیے مختص کیے جائیں۔
مسجد الحرام میں شعبہ کراؤڈ کنٹرول کے ڈائریکٹر انجینئر اسامہ الحجیلی کا کہنا تھا کہ ’نگران اعلٰی شیخ السدیس کی جانب سے موصول ہونے والے احکامات پر فوری طور پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

معمر افراد کے لیے مطاف میں 4 لائین مختص کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

صحن مطاف میں عمرہ زائرین کے لیے گنجائش بڑھانے کا مقصد ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ افراد کو عمرے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے ازدحام پر قابو پانے والے مخصوص شعبے کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ‘سماجی فاصلے کے اصول کے تحت صحن مطاف میں دائروں کی شکل میں لائنیں بنائی گئی ہیں جن کی تعداد 14 ہے جن میں سے دو دائرے کعبہ شریف کے قریب ہیں۔ یہ معمرا ور ویل چیئر والوں کے لیے مخصوص ہیں۔‘
مطاف میں اضافے کے بعد دائروں کی کل تعداد 25 ہو جائے گی جو کہ پہلے 14 تھی جبکہ معمر افراد کے لیے صحن مطاف میں مخصوص لائنوں کی تعداد بڑھا کر 4 کردی گئی ہے جس سے لوگوں کو کافی سہولت ہوگی اور سماجی فاصلے کے اصول پر بھی بہتر انداز میں عمل کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس ماہ رمضان میں عمرہ محدود پیمانے پر کھولا گیا ہے۔ عمرہ کے لیے اندرون ملک سے آنے والوں کو پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے جو وزارت حج کی ’اعتمرنا‘ اور وزارت صحت کی ’توکلنا ‘ ایپ  پر جاری کرایا جاسکتا ہے۔

 اضافی لائنوں کے بعد مطاف میں دائروں کی تعداد 24 ہو جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)

عمرہ پرمٹ میں وقت کا تعین کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے مسجد الحرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’عمرہ کے لیے آنے والے اپنے مقررہ وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں تاکہ حرم شریف میں ازدحام نہ ہو۔‘
ہر کوئی اپنے مقررہ وقت پر آئے اور عمرہ ادا کرکے مقررہ وقت پر لوٹ جائیں تاکہ سماجی فاصلے کے اصول کے تحت عمل کیاجاسکے۔

شیئر: