Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرپورٹس پر کورونا ایس او پیز کی پابندی سخت

وزارت صحت کے مقرر کردہ ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے ہوائی اڈوں، ماتحت اداروں اور محکمے کی عمارتوں میں کووڈ 19 وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج نے کہا ہے کہ’ وزارت صحت کے مقرر کردہ ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ادنی لاپروائی ناقابل قبول ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سب لوگ ماسک پہنیں، مسلسل سینیٹائز کریں، اژدحام کو روکیں، ہدایات کی پابندی کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ محکمہ شہری ہوابازی کی کسی بھی عمارت میں کسی بھی شخص کو توکلنا ایپ کے بغیر داخل نہ ہونے دیا جائے‘۔  
عبدالعزیز الدعیلج  نے کہاکہ’اب تک ہمیں جتنی بھی کامیابی ملی ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جارہی ہے‘۔
’محکمہ شہری ہوابازی، سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے ہوائی اڈوں، محکمے کی عمارتوں اور ماتحت اداروں میں تفتیشی دورے کیے ہیں۔ توکلنا ایپ چیک کرنے اور درجہ حرارت جانچنے کے لیے پوائنٹ موثر بنائے گئے‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہر ادارے میں پروٹوکول آفیسر تعینات کیا جاچکا ہے۔ 250 سے زیادہ انسپکٹرز کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے متعین ہیں۔ آگہی لٹریچر اور پیغامات کی تعداد بڑھا دی گئی ہے‘۔
یاد رہے کہ محکمہ شہری ہوابازی کووڈ 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی ہوائی اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر موثر شکل میں عمل درآمد کرا رہا ہے۔ وزارت صحت سے رابطے میں ہے اور صحت و سلامتی کے عالمی معیار پر عملد رآمد کرایا جارہا ہے۔ 

شیئر: