Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن آکسیجن انڈیا بھیج دی

سعودی وزارت صحت کے تعاون پر ریاض میں انڈین سفارتخانے کا اظہار تشکر۔(فوٹو عرب نیوز)
انڈیا میں کورونا وائرس کے  کیسز میں حالیہ غیر معمولی اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئےسعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن انڈیا بھیجی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  ہندوستان  کے لیے آکسیجن گیس کی فوری فراہمی کی کھیپ انڈیا کے اڈانی گروپ اور لائنڈ کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی تعداد  3 لاکھ 49 ہزار 691 ریکارڈ کی گئی ہے۔

مائع آکسیجن زیادہ ضرورت کے باعث ہسپتالوں کو مہیا کی جا رہی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

کورونا وائرس کے بہت زیادہ بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کا یہ چوتھا دن ہے اور دہلی کے ساتھ ساتھ پورے انڈیا کے ہسپتالوں میں بستروں کے علاوہ طبی آکسیجن کی بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم انڈین سفارتخانے کی جانب سے اڈانی گروپ اور میسرز لائنڈ کے تعاون سے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس انڈیا بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ریاض میں قائم انڈین سفارتخانہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے اس موقع پر انڈیا کی  ہر طرح کی مدد، حمایت اور تعاون پر دلی طور پرشکریہ ادا کیا ہے۔

طلب پوری کرنے کے لئے سنگا پور سے بھی آکسیجن گیس منگوائی گئی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا میں مبتلا مریضوں کی جان بچانے والی گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے آکسیجن گیس کے سیلنڈرز سنگا پور سے بھی بذریعہ ہوائی جہاز منگوائے جا رہے ہیں۔
مشرق وسطی کے روزنامہ الشرق الاوسط نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ صنعتی ضروریات کے لیے استعمال کی جانے والی آکسیجن زیادہ ضرورت کے باعث ہسپتالوں کو مہیا کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  اس اقدام  کے باوجود طلب میں غیر ضروری اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
 

شیئر: