Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی عدالت نے سعودی طالب علم کو ایک لاکھ ڈالر معاوضہ دلا دیا

عدالت کا کہنا تھا کہ حادثے کی تمام تر ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوتی ہے (فوٹو: سبق)
ریاست ٹیکساس کی امریکی عدالت نے سعودی طالب علم کی ٹرک حادثے میں ہاتھ اور پنڈلی کی ہڈیاں ٹوٹ جانے پر کمپنی کو ایک لاکھ 18 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا- سعودی طالب علم کی موٹر سائیکل سے مارچ 2019 میں لوڈنگ کمپنی کے ٹرک کا حادثہ ہو گیا تھا- 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹرک کی ڈرائیور خاتون نے حادثے کے بارے میں جزوی ذمہ داری قبول کرلی تھی جبکہ کمپنی نے ڈرائیور خاتون کو غلطی تسلیم کرنے پر برطرف کردیا تھا- کمپنی کا دعویٰ تھا کہ حادثے کے لیے وہ قطعی ذمہ دار نہیں تاہم جج نے تمام شواہد سامنے آنے پر فیصلہ دیا کہ حادثے کی تمام تر ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوتی ہے، ڈیوٹی کے دوران ملازمین کی مکمل ذمہ داری کمپنی کی ہوتی ہے- 
امریکی عدالت کے جج نے کمپنی کو حکم دیا کہ وہ 28 سالہ سعودی طالب علم کو ایک لاکھ 18 ہزار ڈالر ہرجانے کے طور پر ادا کرے- 
یہ حادثہ مارچ 2019 کے دوران شوگر لینڈ سٹی میں پیش آیا تھا جس میں ٹرک نے عقب سے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تھی- ٹرک کی ڈرائیور خاتون مناسب وقت پر ٹرک کو بریک نہیں لگا سکی تھیں جس کی وجہ سے سعودی طالب علم موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوگئے تھے- انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی پنڈلی اور ہاتھ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں- 
عدالت کے آخری اجلاس میں سعودی طالب علم، ان کا وکیل، حادثے کی ذمہ  دار خاتون ڈرائیور اور کمپنی کے وکیل موجود تھے- فریقین نے عدالت کے فیصلے کو قبول کرلیا- 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: