Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرہجوم افطار پارٹی،’قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں‘

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے وزیر صحت تیمور جھگڑاکے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا تھا (فوٹو:ٹوئٹر احتشام الحق)
خیبرپختونخوا میں وزیرصحت تیمور خان جھگڑا نے پرہجوم افطار پارٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں
بدھ کو تیمورخان جھگڑا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے ایک نجی افطار پر مدعو کیا گیا تھا جس میں مجھے بتایا گیا تھا کہ میرے چند دوست موجود ہوں گے۔ میرے پہنچنے سے پہلے نہ تو مجھے مہمانوں کی تعداد کا علم تھا اور نہ ہی افطار کی جگہ کا۔ میں عوام کے غم و غصے کو سمجھ سکتا ہوں۔‘
تیمورخان جھگڑا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ عمران خان کی حکومت میں ایک وزیر کو بھی قانون کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بحیثیت عمران خان کا سپاہی میں انشاءاللہ ذاتی طور پر ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
یاد رہے کہ  پیر کے روز پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے وزیر صحت تیمور جھگڑا، مقامی ریستوران کے مالک اور مینیجر کے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا تھا۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وبا کی صورتحال اور اس سے متعلق اپ ڈیٹس روزانہ ٹوئٹر پر شیئر کرنے والے وزیر صحت کی افطار، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف اندراج مقدمہ کے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے وضاحت پیش کی تو کچھ صارفین کو ان کی لاعلمی کی منطق سمجھ نہیں آئی، صارف شاہد خان خٹک نے لکھا کہ اچھا ہوا، آپ نے اپنا موقف سامنے رکھا لیکن یہاں آپ کی لاجک کمزور ہے افطاری دعوت کی باقاعدہ لسٹ تیار کی جاتی ہے جہاں مدعو افراد آپ کے علم میں ہوتے ہیں۔ ہم نے تو تصویروں سے اندازہ لگایا کہ افطاری کے بعد بھی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا  گیا۔ اس کا خاص خیال رکھیں۔‘

شیئر: