Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستانیوں کی شکایت پر سفارتخانے کے عملے کے خلاف کارروائی ہو گی: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستانی لیبر کے ساتھ غلط سلوک کیا ان سب کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی )
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفارت خانے میں موجود عملے کے خلاف شکایت آئی ہے جس پر زیادہ تر عملے کو واپس بلایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتا چلا  کہ سعودی عرب میں ہمارے سفارت خانے نے پاکستانی کمیونٹی کا جتنا خیال رکھنا چاہئے تھا وہ نہیں رکھا۔‘
وزیراعظم عمران خان کے مطابق اس پر انہوں نے مکمل انکوائری کروائی ہے اور سفیر کے حوالے سے انکوائری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن جن لوگوں نے پاکستانی لیبر کے ساتھ غلط سلوک کیا ان سب کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
’اس پر انہوں نے مکمل انکوائری کروائی ہے اور سفیر کے حوالے سے انکوائری کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے رپورٹ آئی کہ ان  (پاکستانیوں سے )سے پیسے لیے گئے تھے۔ اس پر بڑے پیمانے پر انکوائری  ہو رہی ہے جب اس کی رپورٹ آئے گی تو جو جو افراد ذمہ دار پائے جائیں گے ان  کو مثالی سزائیں دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے پاکستان کی معشیت کو رواں رکھا ہوا ہے اور خاص طور پر مزدور طبقے نے ملک کی خدمت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’افسوس کی بات ہے کہ ہمارے سفارت خانوں کو جس طرح ان محنت کش لوگوں کو سہولیات دینی چاہیے وہ نہیں دیتے۔ یہ لوگ اپنا خون پسینہ ایک کرکے پیسے کماتے ہیں یہ بہت خاص لوگ ہیں۔ یہ سالوں اپنے خاندان سے دور رہتے ہیں۔‘
’میں اپنے سفارت خانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کی سب سے اہم زمہ داری ان کا دھیان رکھنا ہے۔‘

شیئر: