Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سفری پابندیوں کا خاتمہ غیر ملکیوں کے لیے بھی؟

وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ’توکلنا ایپ‘ پر ’محفوظ ‘ کا سٹیٹس ملنے پر ہی سعودی شہری سفرکرنے کے اہل ہوں گے: فائل فوٹو السعودیہ ایئر لائن
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار 2 مئی 2021 کوجاری بیان میں سعودیوں کے لیے سفری پابندیاں ہٹائے جانے کی مشروط اجازت کا اعلان کیا ہے تاہم اس اعلان میں تاحال غیرملکیوں کی مملکت آمد کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔  
بیان میں سعودی شہریوں پر سفری پابندی ہٹانے کا کہا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ سعودی شہری جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں انہیں سفر کی مشروط اجازت ہو گی۔  
قبل ازیں سعودی شہریوں کو مملکت سے سفر کرنے کے لیے وزارت داخلہ سے سفری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا تھا۔ ٹریول پرمٹ کے بغیر کسی شہری کو سفرکرنے کی اجازت نہیں تھی۔ مملکت سے جانے کے لیے غیر ملکیوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں تھی اور نہ اب ہے البتہ کورونا سے متاثرہ 20 ممالک سے غیر ملکیوں کے مملکت آنے پر پابندی بدستورعائد ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ 
کورونا کی وبا کے بعد سعودی وزارت داخلہ نے اپنے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ان ممالک میں جانے کی پابندی عائد کی تھی جہاں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی تھی تاہم انسانی ہمدردی اور انتہائی اہم امور کے پیش نظر ایسے افراد کو سفری اجازت حاصل کرنے کے لیے ’ابشر‘ پورٹل پر درخواست دینا ہوتی تھی جس میں سفر کرنے کی ٹھوس وجہ اور دستاویزی ثبوت فراہم کرنا ہوتے تھے۔  
وزارت داخلہ موصول ہونے والی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اپنے شہریوں کو سفر کی اجازت دینے یا نہ دینے کی مجاز تھی۔
ڈیجیٹل ٹریول پرمٹ ملنے کے بعد ہی سعودی شہری سفر کر سکتے تھے۔  
حالیہ جاری ہونے والے  بیان میں سفر سے قبل پیشگی اجازت نامہ کی شرط ختم کرکے سفر کرنے والوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکینیشن کی شرط عائد کی گئی ہے۔  

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار 2 مئی 2021 کوجاری بیان میں سعودیوں کے لیے سفری پابندیاں ہٹائے جانے کی مشروط اجازت کا اعلان کیا ہے: فوٹو اے ایف پی

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’17 مئی سے سعودی شہریوں کے لیے فضائی، بری اور سمندری سفر کی اجازت دی جا رہی ہے تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ سفر کرنے والے کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں یا سفر سے کم از کم 14 دن قبل ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہوں علاوہ ازیں ایسے افراد کو بھی سفر کی اجازت ہوگی جو کورونا سے شفایاب ہو چکے ہوں۔  
ویکسینیشن کے بعد وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ’توکلنا ایپ‘ پر ’محفوظ ‘ کا سٹیٹس ملنے پر ہی سعودی شہری سفرکرنے کے اہل ہوں گے۔  

سعودی شہری جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں انہیں سفر کی مشروط اجازت ہو گی: فوٹو ایس پی اے

توکلنا ایپ پر ایسے افراد جو کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہوں اور انہیں اس بیماری سے شفایاب ہوئے 6 ماہ سے زائد عرصہ نہ گزرا ہو ’توکلنا‘ ایپ پر ان کا سٹیٹس ’صحتیابی کے بعد محفوظ‘ کا ظاہر ہوتا ہے۔ اس کیٹگری کے حامل افراد بھی 17 مئی کے بعد سفر کر سکیں گے۔  
جہاں تک غیر ملکیوں کے مملکت آنے کا سوال ہے تو اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ بیان میں کسی قسم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ غیر ملکیوں کے مملکت آنے کے حوالے سے سفری پابندیوں کا مکمل خاتمہ 17 مئی سے ہوگا یا نہیں یہ حالات پر منحصر ہے اس بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔   

 

شیئر: