Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میلا الزہرانی کا سعودی فلم نائٹس ٹور کے سلسلے میں برازیل کا دورہ

میلا الزہرانی نے فلم ’ان آئیڈنٹی فائڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
سعودی اداکارہ میلا الزہرانی نے رواں ہفتے برازیل میں فلم کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’سعودی فلم نائٹس‘ میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق 28 نومبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں ساؤ پاؤلو، ریو ڈی جینیریو اور سلواڈور میں فلمیں دکھائی جا رہی ہیں جن کا مقصد جدید سعودی سنیما کے تنوع کو نمایاں کرنا ہے۔ برازیل میں چار سعودی فلمیں پیش کی جا رہی ہیں جن میں دو فیچر فلمیں ’ان آئیڈنٹی فائڈ‘ اور ’صیفی‘ جبکہ دو شارٹ فلمیں ’دی لاسٹ ڈسمسل‘ اور ’ٹو سسٹرز‘ شامل ہیں۔
میلا الزہرانی نے فلم ’ان آئیڈنٹی فائڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ حیفا المنصور کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فیچر فلم ایک نوجوان سعودی پولیس اہلکار نوال کے گرد گھومتی ہے جو صحرا میں ملنے والی ایک لڑکی کی لاش کی تحقیقات کرتی ہے۔
بنیادی طور پر مقتولہ کی شناخت ایک راز ہوتی ہے اور جس جڑے ہوئے معاشرے میں وہ رہتی تھی، بشمول اس کا اپنا خاندان، وہ اس کی شناخت ظاہر کرنے اور اس کی موت کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہوتے ہیں۔
المنصور نے اس سے قبل عرب نیوز کو بتایا تھا کہ ’یہ کیس خوف، خاموشی اور سچ بولنے کی قیمت کا سامنا کرنے کی کہانی ہے، نہ صرف معاشرے بلکہ خود اس خاتون کے لیے بھی۔ مجھے سنسنی خیز فلمیں پسند ہیں کیونکہ ان کی کہانی تیزی سے آگے بڑھتی ہے اور ناظرین کی دلچسپی برقرار رہتی ہے۔ ان فلموں کے ذریعے معاشرتی مسائل، طاقت کے استعمال اور صحیح اور غلط کے درمیان فرق جیسے موضوعات پر بھی بات کی جا سکتی ہے۔ میرے لیے یہ فلم خاموشی، غلط کاموں میں دوسروں کا ساتھ دینے اور ہمت دکھانے جیسے موضوعات پر بات کرنے کا ایک ذریعہ تھی تاکہ ناظرین کو یہ محسوس نہ ہو کہ انہیں نصیحت کی جا رہی ہے۔‘
برازیل میں فلموں کی نمائش کا انتخاب سعودی فلم کمیشن کی دعوت پر اداکار و ڈائریکٹر سیلٹن میلو اور ریو فلم فیسٹیول کی شریک بانی و ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایلڈا سانٹیاگو نے کیا۔
سعودی فلم نائٹس کا یہ انیشیٹیو اب تک 17 ممالک اور 40 شہروں تک پہنچ چکا ہے جس میں فرانس، مراکش، آسٹریلیا، چین، انڈیا، میکسیکو، برطانیہ، جاپان، سویڈن، ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سپین، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور برازیل سمیت کل 45 مقامات شامل ہیں۔

 

شیئر: